اسلامی جمہوری اتحاد کااین اے 130 میں لیاقت بلوچ کی حمایت کا اعلان

عوام کی تائید و حمایت سے اس حلقے کی عزت و عظمت کو بحال کرائیں گے‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

جمعرات 5 جولائی 2018 23:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2018ء) اسلامی جمہوری اتحاد نے حلقہ این اے 130 سیمتحدہ مجلس عمل کے امیدوار قومی اسمبلی لیاقت بلوچ کی حمایت کا اعلان کردیاہے ۔ اسلامی جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر علامہ حافظ زبیر احمد ظہیر نے گلبرگ فردوس مارکیٹ میں جامعہ عبداللہ بن عبدالعزیز میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں لیاقت بلوچ کی حمایت کا اعلان کیا ۔

انہوںنے کہاکہ اس حلقہ سے مسلم لیگ ن ، تحریک انصاف سے منتخب ممبران اسمبلی نے عوام سے کوئی رابطہ نہ رکھا اور نہ ہی حلقہ کے مسائل کی طرف کوئی توجہ دی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ ان شاء اللہ عوام کی تائید و حمایت سے اس حلقے کی عزت و عظمت کو بحال کرائیں گے ۔ ہم نظام مصطفیٰؐ کے قیام کے لیے مل کر اور متحد ہو کر چلیں گے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر علامہ ممتاز احمد اعوان ، رانا آصف ، مولانا آصف ربانی ، احمد سلمان بلوچ و دیگر بھی موجود تھے ۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 130 میں جامع مسجد اچھرہ ، احاطہ مولچند اور ذیلدار پارک میں خطاب وٹرز اور کارنر میٹنگز سے کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی جماعتوں کی خرابیاں ، کمزوریاں اور نااہلی ، کرپشن اور سیاسی بے وفائی عروج پر ہے اس کے باوجود آمرانہ روش اور نااہلی سیاست اور یاست میں تصادم کی وجہ بن گئی ہے ۔

سیاسی جماعتوں نے اپنے اندر جمہوریت اور شورائیت کی بجائے شخصیات اور دھڑے بندیوں پر انحصار کر لیاہے ۔ دینی جماعتوں کا کردار ابھی بھی غنیمت ہے ۔ ایم ایم اے نظام مصطفیٰؐ اور اسلامی ، فلاحی اور جمہوری ریاست کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ متحدہ مجلس عمل عوام کے خلاف ہر ظلم و جبر کے ہتھکنڈے نیست و نابود کردے گی ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ لاہور بنیادی شہری سہولتوں سے محروم ہے۔

بارش سے حکومتی اقدامات بر ی طرح بے نقاب ہوگئے ہیں پینے کا صاف پانی نہیں ملتا ، بیماریوں کا علاج غریب کے بس میں نہیں اور بے روزگاری عوام کو نفسیاتی امراض میں مبتلا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل نظام مصطفیٰؐ کے ذریعے عوام کے دکھوں کے مداوا کا نظام لائے گی ۔ رابطہ عوام مہم میں احمد سلمان بلوچ ، احمد رضا بٹ ، احسان اللہ تبسم، ساجد بھٹی اور دیگر رہنمائوں نے بھر پور حصہ لیا ۔ عوام نے دینی جماعتوں کے اتحاد اور انتخابی نشان کتاب کا خیر مقدم کیا ۔