پی ٹی آئی چیئرمین دوسروں پر تنقید سے پہلے خیبرپختونخوا میں اپنی حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی دکھائیں،سکندر حیات شیرپائو

جمعہ 6 جولائی 2018 20:44

پی ٹی آئی  چیئرمین دوسروں پر تنقید  سے پہلے خیبرپختونخوا میں اپنی حکومت ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جولائی2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین دوسروں پر تنقید کرنے سے پہلے صوبہ خیبرپختونخوا میں اپنی حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی دکھائیں ۔انھوں نے کہا کہ تین سو ڈیم ،بلین ٹری سونامی،پشاور بیوٹیفیکیشن،بی آرٹی اور مختلف محکموں میں اصلاحات کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں نے صوبہ کو مالی مشکلات سے دوچار کرکے کھنڈرات میں تبدیل کردیا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل آبازئی حلقہ PK-56میں انتخابی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ کارکنوں شہزادہ لالا،باچا خان، ظہیر اللہ ٹھیکدار ، بارو دین کاکا، اکبر شاہ، ظہورالرحمن ، ظاہر شاہ، شمس الرحمن ،نورالرحمن، اسرار، استحار، سبز علی ، مکرم ، خورشید ، مہربان خان، بسم اللہ جان، شاہد، محمد الیاس ،بہادر، شیرزادہ، امدادخان،حسن گل،عابدین،ممتاز خان،تاج الدین،گوہر زمان،اختر حیات،افسر علی،شیر افضل،ناصر خان،قاسم خان،فضل باچا اور دیگر نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سکندرشیرپائونے کہا کہ تبدیلی سرکار اور یو ٹرن کے ماسٹر کے پاس اپنی کارکردگی دکھانے کیلئے کچھ نہیں اس لئے دوسروں پر بے جا تنقید کرکے عوام کی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں جبکہ عوام پی ٹی آئی کا اصل چہرہ جان چکے ہیں اور 2018کے انتخابات ان کو عبرت ناک شکست سے دوچار کریں گے۔انھوں نے کہا کہ عوام قومی وطن پارٹی کی کارکردگی سے بھی باخبر ہیں ہم نے ہمیشہ اور ہر سطح پر صوبہ اور پختونوں کی بہبودکیلئے عملی جدوجہد کی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ ضلع چارسدہ میں سوئی گیس کی فراہمی ،بجلی نظام کی اپ گریڈیشن،تعلیمی اور صحت کی سہولیات کی گھر گھر ترسیل اور بے روزگار نوجوانوں کواپنے پائوں پر کھڑا کرنا ہماری کارکردگی ہے اور ہماری سیاست کا محور پختونوں کی فلاح اور خوشحالی مبنی ہے اور ان کو ترقیافتہ اقوام کی صفوں میں کھڑا کرنے تک ہماری تگ و دو جاری رہے گی۔انھوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی نے پختونوں کو بری طرح متاثر کیا ہے اوریہاں پر معاشی اور سماجی سرگرمیاں ماند پڑ گئی اور عوام کی حالت زار بری طرح خراب ہو چکی ہے لہٰذا عوام کی احساس محرومی کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ ان کو بنیادی سہولیات زندگی فراہم کی جائیں ۔

انھوں نے کہا کہ امن کے قیام اور پختونوں کے اتحاد و اتفاق اورآواز کو مزید موثر بنانے کیلئے بھرپور جدوجہد کی جائے گی اور ان کا اپنے وسائل پر مکمل اختیار یقینی بنایا جائے گا۔ سکندر شیرپائو نے کہا کہ پختون مزید کسی کے پر فریب نعروں میں آنے والے نہیں اورپختونوں نے اپنے حقیقی قائد آفتاب احمد شیرپائوکی قیادت میں متحد ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اس موقع پرکیو ڈبلیو پی ضلع چارسدہ کے عہدیدار ،ضلعی و تحصیل ناظمین اور پارٹی کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔