کراچی ،خالد مقبول سمیت ایم کیو ایم کے متعدد رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری

ہفتہ 7 جولائی 2018 22:23

کراچی ،خالد مقبول سمیت ایم کیو ایم کے متعدد رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جولائی2018ء) انسداد دہشتگردی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے کنویئنر خالد مقبول صدیقی سمیت متعدد رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے،ہفتے کوکراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں ایم کیو ایم رہنماؤں کے خلاف میڈیا ہاؤسز پر حملے، جلاؤ گھیراؤ، ملکی سالمیت کے خلاف نعرے بازی کے مختلف مقدمات کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار، ریحان ہاشمی، عامر خان اور فاروق ستار عدالت میں پیش ہوئے، جب کہ پارٹی کے منحرف رہنما شاہد پاشا اور امجد اللہ خان بھی جج کے روبرو حاضر ہوئے۔عدالت نے عدم پیشی پر دو مقدمات میں ایم کیو ایم بانی، ایم کیو ایم کنویئنر خالد مقبول صدیقی، رشید گوڈیل، حیدر عباس رضوی اور سلمان مجاہد بلوچ سمیت دیگر کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے حکم دیا کہ مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے 11 اگست تک پیش کیا جائے۔