بلدیہ کورنگی کے ملازمین کا ڈیمز کی تعمیر کیلئے ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان

بدھ 11 جولائی 2018 15:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2018ء) چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا ہے کہ پاکستان کے لئے ہماری جانیں بھی حاضر ہیں اور جو فیصلہ پوری قوم کے مفاد میں ہوگااس فیصلے پر عمل در آمد کرنے کے سلسلے میں اپنا بھر پور کر دار ادا کریں گے۔موجودہ صورتحال میں جہاں ہمارے ملک میں پانی کے حوالے سے آئندہ چند برسوں میں شدید مشکلات نظر آرہی ہیں وہاں ایسی صورتحال میں ڈیموں کی تعمیر کے بغیر ان مشکلات سے نجات حاصل کرنا نہایت مشکل ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار اور مسلح افواج کی جانب سے دیا میر بھا شا ڈیم کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہیں اور اس سلسلے میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے بلدیہ کورنگی نے تمام ملازمین کی ماہ جولائی کی ایک دن کی تنخواہ (تقریبا40لاکھ ) جبکہ ڈسٹرکٹ چیئرمین،وائس چیئرمین کی ایک ماہ کی تنخواہ دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے سلسلے میں دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے مزید کہا کہ بلدیہ کورنگی پاکستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ اپنا کر دار ادا کرتی رہے گی۔