الحدیدہ کو آزاد کرانے میں عرب اتحادنے تمام تر بین الاقوامی قوانین کا مکمل خیال رکھا‘سعودی مندوب

بدھ 11 جولائی 2018 15:30

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2018ء) اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مندوب عبداللہ المعلمی کا کہنا ہے کہ یمن میں الحدیدہ کو آزاد کرانے میں عرب اتحاد کے رکن ممالک نے اپنے جذبات پر انتہائی قابو اور تمام تر بین الاقوامی قوانین کا مکمل خیال رکھا۔سلامتی کونسل میں اپنے خطاب میں المعلمی کا کہنا تھا کہ دوسری جانب ایران نواز حوثی ملیشیا نے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے بچوں کو بھرتی کیا اور انہیں انسانی ڈھال کے طور پر بھی استعمال کیا۔

(جاری ہے)

سعودی مندوب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ باغی ملیشیا اور اس کے حامی فریقوں کی جانب سے مرتکب تمام خلاف ورزیوں کی مذمّت کرے۔زمینی پیش رفت میں یمنی فوج نے اتحادی طیاروں کی معاونت سے الحدیدہ صوبے کے جنوبی شہر التحیتا پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔عسکری ذرائع کے مطابق یمنی فوج نے شہر پر کنٹرول حاصل ہونے کے فوری بعد عام شاہراہوں پر حوثی ملیشیا کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگیں ناکارہ بنانے کا عمل شروع کر دیا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ حوثیوں نے یمنی فوج کے شہر کے اندر پہنچنے سے قبل دو اسکولوں کو دھماکوں سے تباہ کر دیا۔