حکومت تاجروں کی بے دخلیاں فوری طور پر رکوا ئے، شیخ عامر وحید

کرایہ داری کا موجودہ قانون بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے چیف جسٹس نوٹس لیں،شہزاد عباسی

بدھ 11 جولائی 2018 22:11

حکومت تاجروں کی بے دخلیاں فوری طور پر رکوا ئے، شیخ عامر وحید
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید کی صدارت میں ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے عہدیداران اور اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں کے عہدیداران کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی انجمن تاجراں پاکستان کے صدر اجمل بلوچ ، سیکرٹری خالد چوہدری، چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا، سابق صدر محمد اعجاز عباسی، ٹریڈرز ویلفیئرایسوسی ایشن سپر مارکیٹ کے صدر شہزاد عباسی، جنرل سیکرٹری محمد حسین، سردار طاہر، اسماعیل خان، اسلم خان، سید عادل انیس ، عابد خان ، راجہ حسن اختراور دیگر نے شرکت کی ۔

ایک قرارداد کے ذریعے نگراں وزیراعظم جناب ناصر الملک سے مطالبہ کیا گیاکہ وہ ا سلام آباد میں ہونے والی تاجروں کی بے دخلیاں فوری طور پر رکوائیں ۔

(جاری ہے)

ایک دوسری قرارداد کے ذریعے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار سے اپیل کی گئی کہ چونکہ کرایہ داری کا موجودہ قانون بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے لہذا وہ اس کا ازخود نوٹس لیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ سپر مارکیٹ میں متوقع بے دخل ہونے والے چوبیس دکاندار گذشتہ پچیس برس سے وہاں کاروبار کر رہے ہیں لیکن صرف اس بنیاد پر ان کو بے دخل کیا جا رہا ہے کہ ان کا کرایہ داری کا معاہدہ رجسٹرڈ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کسی بھی مارکیٹ میں معاہدے رجسٹر نہیں ہوتے جبکہ مالک جائیداد نے دستخط کئے ہوتے ہیں اور اس صورت میں معاہدہ رجسٹرنہ ہونے کی صورت میں تاجروں کو بے دخل کیا جا نا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف وزی کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر ایسے معاملات میں تاجر برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن سپر مارکیٹ کے صدر شہزاد عباسی، مرکزی انجمن تاجراں پاکستان کے صدر اجمل بلوچ اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں اسلام آباد بھر کی تاجر برادری سپر مارکیٹ کے تاجروں کے ساتھ ہے اور کسی بھی صورت میں ان کو بے دخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے اپیل کہ کہ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار سپر مارکیٹ کے تاجروں کی بے دخلی کی وجہ سے ہونے والی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا از خود نوٹس لیں۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اگر سپر مارکیٹ کے تاجروں کو زبردستی بے دخل کرنے کی کوشش کی گئی تو دارالحکومت کا شٹر ڈائون کیا جائے گا ۔