دو سال تک خود کو سعودی شہزادہ ظاہر کرکے فراڈ کرنے والا شخص میٹنگ میں سور کا گوشت کھانے پر پکڑا گیا

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 11 جولائی 2018 23:56

دو سال تک خود کو سعودی شہزادہ ظاہر کرکے فراڈ کرنے والا شخص  میٹنگ میں ..
فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے دو سال تک خود کو سعودی شہزادہ اور سفارت کار ظاہر کیا اوردھوکے بازی سے سرمایہ کاروں سے کئی ملین ڈالر اینٹھ لیے لیکن کاروباری میٹنگ میں سور کے گوشت کی بنی ہوئی اشیاء کھانے پر اس کی دھوکہ بازی پکڑی گئی۔
انتھونی گیگناک کی پیدائش تو کولمبیا میں ہوئی تھی لیکن اسے  مشی گن کے ایک خاندان نے گود لے لیا تھا۔

2015 میں انتھونی نے سرمایہ کاری کی ایک جعلی کمپنی بنائی۔ انتھونی نے  خود کو مالدار سعودی شہزادہ ظاہر کر کے دنیا بھر سے 26 افراد سے 8 ملین ڈالر حاصل کیے۔ خود کو سعودی شہزادہ ظاہر کرنے کے لیے اس نے ای  بے سے سفارت کار کی جعلی نمبر  پلیٹ خریدی اور اپنے دروازے پر سلطان کے  نام کی تختی لگائی۔
2015 سے 2017 تک انتھونی کے اکاونٹس میں کئی ملین ڈالر موجود تھے، اس کے پاس فراری اور رولز رائس سمیت  لگژری گاڑیوں کا فلیٹ، مہنگی گھڑیاں، زیورات اور  رہائش کے لیے کافی قیمتی فلیٹ بھی تھا۔

(جاری ہے)

انتھونی اپنے مہنگے لائف سٹائل کی تصاویر انسٹاگرام پر بھی پوسٹ کرتا تھا لیکن ان تصاویر میں اپنا چہرہ نہیں دکھاتا تھا۔اپنے چہرے کی بجائے وہ عام شکل کے عرب شاہی خاندان کے افراد کی تصاویر لگاتا تھا۔
انتھونی نے خود کو سعودی شاہی خاندان کا فرد ظاہر کر کے کئی کاروباری معاہدے کیے۔انتھونی اپنے شکاروں کو بنک آف دوبئی کے جعلی خطوط بھی دکھاتا، جن میں اسے سینکڑوں ملین ڈالر کا مالک دکھایا گیا تھا۔

اپنی دھوکہ دہی کی کاروائیوں کے دوران انتھونی پرائیویٹ جیٹ جہازوں میں سفر کرتا، مہنگے ہوٹلوں میں ٹھہرتا اور اپنے شکاروں کو بتاتا کہ اسے سفارتی استثنا حاصل ہے، کسی مسئلے کی صورت میں اسے کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا۔
پچھلے سال انتھونی کی ملاقات میامی کے رئیل اسٹیٹ  ڈویلپر جیفرے سوفر سے ہوئی۔ انتھونی نے جیفرے سے سعودی ولی عہد شہزادہ خالد بن السعود بن کر ملاقات کی۔

انتھونی نے جیفرے کے ایک ہوٹل میں 440 ملین ڈالر سرمایہ کاری کرنے کی پیش کش کی۔ جیفرے کے ساتھ ملاقاتوں میں انتھونی نے سور کے گوشت سے بنائے گئے کئی کھانوں کے آرڈر دئیے۔ جیفرے جانتا تھا کہ سور کا گوشت کھانا اسلام میں حرام ہے۔ جیفرے نے اپنے سٹاف سے انتھونی کی تحقیقات کرائیں تو معلوم ہوا کہ وہ ایک فراڈیا ہے، جو دوسروں سے مالی مفادات حاصل کرتا ہے۔

جیفرے نے حکام کو خبردار کردیا۔ حکام نے پچھلے سال نومبر میں انتھونی کو گرفتار کیا تھا۔ ڈپلومیٹک سیکورٹی سروس کے تفتیشی افسران کو انتھونی کے گھر سے کئی کاروباری کارڈز ملے۔ ان میں اس کا تعارف بطور شہزادہ یا سلطان کے طور پر لکھا  گیا تھا۔ اس کے گھر سے سعودی شاہی خاندان کے نام کے مالیاتی کاغذات، غیر قانونی کریڈٹ کارڈز اور ہزاروں ڈالر نقد ملے۔
انتھونی پچھلے سال سے میامی جیل میں قید ہے۔ اس کا جرم ثابت ہو چکا ہے اور جلد ہی اسے سزا بھی سنا دی جائے گی۔