شیری رحمن کی پاکستانی ٹیلی وژن کی تعریف،

وفاقی وزیر اطلاعات نے شکریہ ادا کیا

جمعرات 12 جولائی 2018 17:08

شیری رحمن کی پاکستانی ٹیلی وژن کی تعریف،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرسینیٹر شیری رحمن نے جمعرات کو ایوان میں میڈیا سنسرشپ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کی پریس کانفرنس کو میڈیا بلیک آئوٹ کیا گیا،اس پریس کانفرنس میں چوہدری اعتزاز احسن نے اہم باتیں کیں تھیں،صرف تین ٹی وی چینلز(ہم نیوز، پبلک ٹی وی اور پی ٹی وی) نے چلایا، جس کے بعد انہیں بھی کال کر کے نشریات بند کرادیں،پی ٹی وی کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مکمل دکھانے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

شیری رحمن نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سید علی ظفر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میں پی ٹی وی کے اس اقدام کی تعریف اور وزیر صاحب کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ بعد ازاں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ پی ٹی وی کے اقدام کو سراہنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، پی ٹی وی پر تمام جماعتوں کویکساں کوریج دینا ہماری کوشش ہے، غیر جانبداری کے ساتھ پی ٹی وی اپنا کام جاری رکھے گی۔