Live Updates

نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی، ن لیگی قیادت کے فون بند

رانا ثناء اللہ ، طلال چوہدری اور عابد شیر علی کے فون بند ، رہنماؤں نے لاہور ائیر پورٹ پرقافلے لے جانے کی ذمہ داری ایک دوسرے پرڈال دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 13 جولائی 2018 11:46

نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی، ن لیگی قیادت کے فون بند
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جولائی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز آج ششام 6 بجکر 15 منٹ پر لاہور ائیر پورٹ پر لینڈ کریں گے۔ نواز شریف اور مریم نواز کی آمد کے پیش نظر لاہور ائیر پورٹ پر ان کے بھرپور استقبال کی تیاریاں کی گئی ہیں لیکن اس موقع پر لیگی قیادت کے کئی نمایاں چہرے غائب ہیں، ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ ، عابد شیر علی اور طلال چوہدری سے لاہور ائیر پورٹ جانے متعلق دریافت کرنے کے لیے رابطہ کیا گیالیکن ان تینوں رہنماؤں کے نمبرز بند ملے۔

مسلم لیگ ن کے کئی رہنماؤں نے کارکنوں کی ریلیاں لاہور ائیر پورٹ لے جانے کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈال دی ہے جس سے مسلم لیگ ن میں دھڑے بندی کو مزید ہوا مل رہی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کی دھڑے بندی کی وجہ سے پارٹی قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی پر ان کا بھرپور استقبال اورعوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔

(جاری ہے)

پارٹی کی مرکزی قیادت کی جانب سے کارکنوں کو لاہور ائیرپورٹ پر لانے کے سلسلے میں فیصل آباد کے رہنماؤں اور ٹکٹ ہولڈرز سے رابطوں کی کوشش اس وقت ناکام ہوگئی جب رہنماؤں کے موبائل فونز بند ملے ۔ سابق وزراء عابد شیرعلی، رانا ثناء اﷲ، طلال چوہدری، اکرم انصاری، میاں منان، ملک نواز،شیخ اعجاز سمیت سبھی اُمیدواروں نے لاہور جانے کے حوالے سے چُپ سادھ لی بلکہ سب کچھ بھول بھال کر اپنی اپنی انتخابی مہم میں مگن ہیں ۔

کوئی اُمیدوار بھی اپنے قائد کا استقبال کرنے اور انہیں وطن واپسی پر خوش آمدید کہنے کے لیے لاہور جانے پر تیار نظر نہیں آ رہا، قافلے کب اور کس جگہ سے روانہ ہوں گے ، کچھ نہیں بتایا جا رہا ، جس سے پارٹی کے کارکن بھی تذبذب کا شکار ہیں۔ گذشتہ روز موصول ہونے والی خبروں کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسسی کے پیش نظر مسلم لیگ ن کے کچھ رہنماؤں کو نظر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے چند رہنماؤں کو 24 گھنٹوں کے لیے نظر بند کیے جانے کا امکان ہے۔ اس فیصلے کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کو نظر بند کر دیا جائے گا تاکہ لاہور ائیر پورٹ پر کوئی ہنگامی صورتحال پیدا نہ کی جا سکے۔دوسری جانب قائد کے استقبال کے لیے ائیر پورٹ جا کر ہنگامہ آرائی کرنے والے لیگی اُمیدواروں پر نا اہلی کی تلوار لٹکنا شروع ہو گئی ہے۔

قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے اُمیدواروں میں سے کسی نے بھی اگر نواز شریف یا مریم نواز کی گرفتاری پر ہنگامہ آرائی کرنے کی کوشش کی تو انہیں قانونی کارروائی کے بعد الیکشن کمیشن کے ذریعے نااہل کروا دیا جائے گا۔ عین ممکمن ہے کہ نظر بندی اور نااہلی کے خوف سے مسلم لیگ ن کی مرکزی اور نمایاں قیادت سمیت اُمیدواروں نے بھی اس معاملے میں ٹانگ نہ اڑانے کا فیصلہ کر لیا ہو۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات