Live Updates

25 جولائی کو پورے پاکستان میں’’شیر‘‘کا راج ہو گا، وفاق اور خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبوں میں مسلم لیگ ن کی حکومتیں بنے گی،مسلم لیگ (ن)صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام کا لیگی کارکنوں کی ریلی سے خطاب

جمعہ 13 جولائی 2018 18:17

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ25 جولائی کو ملک میں ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں پورے پاکستان میں’’شیر‘‘کا راج ہو گا، وفاق اور خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبوں میں مسلم لیگ ن کی حکومتیں بنے گی۔وہ جمعہ کو صوابی انٹر چینج کے مقام پر خیبر پختونخوا سے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کے استقبال کیلئے لاہور جانے والی لیگی کارکنوں کی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا سے ٹھاٹے مارتا ہوا عوامی سمندر سے یہ ثابت ہو گیا کہ میاں محمد نواز شریف پوری قوم کے ہیرو ہے ان کا پُر امن استقبال کرنا لیگی کارکنوں اور عوام پر ان کا حق تھا انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے مسلم لیگ ن کے کارکن پُر امن طور پر اپنے قائد کے استقبال کے لئے لاہور جارہے ہیںپُر امن طور پر جلسے جلوس کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے اور یہ جمہوری نظام کا ایک حسن بھی ہے ۔

(جاری ہے)

اگر حکومت نے پُر امن جلوس کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو اسے لیگی کارکن ناکام بنا دینگے انہوں نے کہا کہ پچیس جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں ملک کے عوام مسلم لیگ ن کے انتخابی نشان شیر کے آگے مہر لگا کر یہ ثابت کر دینگے کہ اس ملک کا واحد سیاستدان میاں محمد نواز شریف ہے جس نے ہمیشہ اپنے دور حکومت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے انہوں نے صوابی اور بونیر کے کارکنوں کا ریلی میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

صوبہ خیبر پختونخوا سے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام کی قیادت میں ایک بڑی ریلی میاں نواز شریف کا استقبال کرنے کے لئے لاہور روانہ ہوئی اس ریلی میں چارسدہ ، نوشہرہ اور صوابی کے انٹر چینجز کے مقام پر مختلف اضلاع سے آنے والی ریلیاں شامل ہو گئی اور لاہور کی جانب رواں دواں رہی اس موقع پر ضلعی صدر صوابی حاجی شیراز خان نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف اور مریم نواز کا ا ستقبال کارکنان مسلم لیگ پر لازم تھا صوبے کے عوام نے جس محبت کا اظہار کیا اس سے مسلم لیگ ن کے گراف میں مزید اضافہ ہو چکا ہے اور صوبے کے باشعور عوام پچیس جولائی کے انتخابات میں بھر پور انداز میں مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ دینگے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات