حق پرستوں کی کامیابی ملک میں غریب و متوسط طبقے کی ترجمانی کی ضامن ہے، عبدالحسیب

جمعہ 13 جولائی 2018 21:03

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2018ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالحسیب نے انتخابی مہم کے حوالے سے منعقد کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق پرستوں کی کامیابی ملک میں غریب و متوسط طبقے کی ترجمانی کی ضامن ہے۔کارنر میٹنگ میں ایم کیو ایم حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے ذمہ داران ،حق پرست امیدواران برائے این اے 227 صلاح الدین ،صوبائی اسمبلی برائے 67ناصر حسین قریشی سمیت ٹائون و یوسیز کے ذمہ داران اور حق پرست عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان ہم سب کاہے اور کوئی ہمیں وطن پرستی کا درس نہ دے کیونکہ ہمیں معلوم ہے چند مفاد پرست آج وطن پرست بنے بیٹھے ہیں انہوں نے کہاکہ 25جولائی کو حیدر آباد کی حق پرست عوام ان مفاد پرستوں کا ووٹ کی طاقت سے خاتمے کردیں گی اس موقع پرحق پرست امیدوار برائے قومی اسمبلی این اے 227 صلاح الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حیدر آبادشہر کی حق پرست عوام کا ووٹ صرف حق پرستوں کیلئے ہے یہاں سے کوئی مفاد پرست کامیاب نہیں ہوسکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے عوامی نمائندوں کی مجبوریوں اور پریشانیوں سے حق پرست عوام اچھی طرح آشناء ہے اور جب اقتدار حق پرستوں کے پاس تھا تو حیدر آباد شہر ترقیوں کی منازل طے کررہاتھا۔اس موقع پر حق پرست امیدوار برائے صوبائی اسمبلی برائے 67ناصر حسین قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حیدر آباد کی تعمیر وترقی کیلئے ہمیں سندھ سے عوام دشمن سیاسی بازیگر وں اور مفاد پرستوں کا خاتمہ کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ 25جولائی کا دن سندھ بھر سے حق پرستوں کی فتح کا دن ثابت ہوگا۔