Live Updates

اسلام آباد ،میاں محمد نواز شریف اورمریم نواز اڈیالہ جیل منتقل

خصوصی میڈیکل بورڈ آج ممکنہ طور پر اڈیالہ جیل جائے گا جہاں وہ نواز شریف اور مریم نواز کا طبی معائنہ کرے گا،زرائع

ہفتہ 14 جولائی 2018 11:30

اسلام آباد ،میاں محمد نواز شریف اورمریم نواز  اڈیالہ جیل منتقل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2018ء) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اورمریم نواز کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف کی لاہور میں گرفتاری کے بعد احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کو نیب پراسیکیوٹر نے درخواست دی کہ انہیں عدالت میں پیش کرنا سکیورٹی رسک ہے مجرموں کی جیل منتقلی اور سزا پر عملدرآمد کے لئے وارنٹ جاری کیے جائیں جس پر عدالت نے ملزمان کی حاضری کے لئے ڈیوٹی مجسٹریٹ مقرر کیا اور سزا کے وارنٹ پر دستخط کر دیئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی میڈیکل بورڈ آج ممکنہ طور پر اڈیالہ جیل جائے گا جہاں وہ نواز شریف اور مریم نواز کا طبی معائنہ کرے گا۔میڈیکل بورڈ پولی کلینک ہسپتال کے سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل ہو گا۔

(جاری ہے)

کنسلٹنٹ، فزیشن ڈاکٹر آصف میڈیکل بورڈ کے چیئرمین ہونگے جبکہ شعبہ نیفرالوجی، میڈیسن اور امراض قلب کے ڈاکٹرز بھی میڈیکل بورڈ کا حصہ ہونگے۔نواز شریف اور مریم نواز کو خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد منتقل کرنے کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کوسڑک کے ذریعے سخت سکیورٹی میں اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا اس سے قبل سابق وزیرِاعظم نواز شریف اور مریم نواز کے طیارے نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر تقریباً پونے 9 بجے لینڈ کیا،ابوظہبی سے پرواز ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچی،طیارے نے لاہور ایئرپورٹ کے حج ٹرمینل پر لینڈ کیا۔

نیب کی ٹیم نے دونوں کو طیارے کے اندر سے ہی گرفتار کیا۔ لاہور ایئرپورٹ پر گرفتاری کے لئے نیب بھی چوکس رہی اور اس کی دو دو ٹیمیں لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر موجود تھیں۔ خواتین پر مشتمل نیب کی ٹیم طیارے کے اندر داخل ہوئی اور سابق وزیرِاعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم کے پاسپورٹس تحویل میں لے کر انھیں باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا۔

ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم بھی لاہور ائیرپورٹ پر موجود تھے۔اس موقع پر ایئرپورٹ کے اندر اور باہر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار الرٹ رہے۔کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچاؤ کے لئے رینجرز نے لاہور ایئرپورٹ کا کنٹرول سنبھالے رکھا ۔اس کے علاوہ موٹروے اور نیشنل ہائی ویز بھی کئی مقامات سے بند کر دی گئیں، لاہور کے کئی علاقوں میں موبائل نیٹ ورک بھی جام ہیلیگی کارکنوں کا اہلکاروں سے جھگڑا بھی ہوا اور دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کی پکڑ دھکڑ بھی جاری ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات