چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس،

نیکٹا کوارڈنیٹر کی امیدواروں کو سیکیورٹی خدشات، ملک میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ انتخابی عمل ہر حال میں جاری رہیگا، عوام کو مایوسی سے نکلنا چاہئے ،سیاسی جاعتیں آپس میں روابط ،مقامی سطح پر انتظامیہ کیساتھ کوارڈنیشن ،معلومات کا تبادلہ بہتر بنائیں،انتخابات کو پرامن بنانے کیلئے آپس میں تعاون جاری رکھیں،الیکشن کمیشن انتخابات 25 جولائی کو ہی ہونگے، کوئی سنجیدہ خطرہ نہیں ،سیکیورٹی خدشات سے متعلق الرٹس باقاعدہ صوبائی حکومتوں کو بھجوائے جاتے ہیں، ڈاکٹر محمد سلیمان

ہفتہ 14 جولائی 2018 19:06

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2018ء) الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابی عمل ہر حال میں جاری رہیگا، اس سلسلے میں عوام کو کسی بھی مایوسی سے نکلنا چاہئے ،تمام سیاسی جاعتیں آپس میں روابط ،مقامی سطح پر انتظامیہ کیساتھ کوارڈنیشن اور معلومات کا تبادلہ فوری اور بہتر بنائیں،انتخابات کو پرامن بنانے کیلئے آپس میں تعاون جاری رکھیں۔

ہفتہ کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)سردار محمد رضا خان کی زیر صدارت ان کی چیمبر میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال ،انتخابی امیدواروں کو سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نیکٹا کوارڈینٹر ڈاکٹر محمد سلیمان خان نے الیکشن کمیشن کو سیکیورٹی خدشات اور ملک میں سیکیورٹی کی مجموعی صورت حال پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ملک میں تازہ دہشت گرد حملوں کی پرزور مذمت کی گئی اورمستونگ کے متاثرہ خاندانوں کیساتھ اظہار افسوس کیا گیا ۔

اس موقع پر ملک میں مختلف سیاسی شخصیات اور مقامات پر سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔نیکٹا کوارڈنیٹر کی جانب سے تفصیلی بریفنگ کے بعد الیکشن کمیشن نے متفقہ طور پراس عزم کا اظہار کیا کہ انتخابی عمل ہر حال میں جاری رہے گا۔ اس سلسلے میں عوام کو کسی بھی مایوسی سے نکلنا چاہیے۔الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کے اس قومی فریضے کواحسن طریقے سے سرانجام دینے کیلئے تمام اداروں کو باہمی روابط اور تعاون بڑھانے پر زور دیا اور اداروں کو مل کرکام کرنے کا مشورہ دیا۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیاں آپس میں روابط اور مقامی سطح پر انتظامیہ کے ساتھ کوارڈنیشن اور معلومات کا تبادلہ فوری اور بہتر بنائیں۔الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں کو بھی ہدایات جاری کیں کہ اداروں کیساتھ مل کر سیکیورٹی صورتحال کا باریکی سے جائزہ لے کر لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔ انتخابات کو پرامن بنانے کیلئے تمام عوام اور سیاسی پارٹیاں آپس میں تعاون جاری رکھیں۔

آخر میں نیکٹا کو ہدایت کی گئی کہ الیکشن کمیشن کو تازہ ترین تجزیوں سے مسلسل آگاہ رکھیں۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیکٹا کوآرڈنیٹر ڈاکٹر محمد سلیمان خان نے کہا کہ عام انتخابات 2018 کو کوئی سنجیدہ خطرہ نہیں ہے، عام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کو پرامن بنانے کیلئے کوششیں کررہے ہیں، سیکیورٹی خدشات سے متعلق الرٹس باقاعدہ صوبائی حکومتوں کو بھجوائے جاتے ہیں۔ان سے پوچھا گیا کہ کتنے امیدواروں اور سیاسی رہنمائوں کو سیکیورٹی خطرات ہیںتو انہوں نے اس کا جواب دینے سے گریز کیا۔