طارق فضل چوہدری کو نوازشریف سے ملاقات سے روک دیا گیا

اتوار 15 جولائی 2018 20:50

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2018ء) مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما طارق فضل چوہدری کو اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کرنے سے روک دیا گیا۔ذرائع کے مطابق طارق فضل چوہدری مسلم لیگ(ن)کے قائد نوازشریف سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تو انہیں داخلے کی اجازت نہ ملی ، جیل انتظامیہ نے انہیں دروازے پر روک دیا اور اندر جانے سے منع کردیا۔

(جاری ہے)

نوازشریف سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر طارق فضل چوہدری واپس روانہ ہوگئے۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ انتظامیہ نے جیل میں چھٹی کا بہانہ بناکر ملاقات سے روک دیا، تاہم یہ کوئی بینک نہیں کہ چھٹی والے دن ملاقات نہیں ہو سکتی۔رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ انتظامیہ سے مسلسل رابطہ کر رہے ہیں کہ نوازشریف کی طبیعت سے متعلق آگاہ کرے تاہم جیل انتظامیہ کا کوئی نمائندہ ہی نہیں جو معاملات دیکھ سکے، ہم الیکشن کمیشن کی وجہ سے یہاں کارکنوں کو جمع نہیں کر رہے، ہم یہاں ریلیاں نہیں لانا چاہتے جس سے امن و امان میں خلل پیدا ہو۔