شاہد آفریدی کاایک بار پھر پاک بھارت تعلقات کی بحالی کے لیے آواز اٹھاتے ہوئے امن کے پیغام کو پھیلانے کی خواہش کا اظہار

اتوار 15 جولائی 2018 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2018ء) پاکستان کے معروف آل رائونڈر شاہد خان آفریدی نے ایک بار پھر پاک بھارت تعلقات کی بحالی کے لیے آواز اٹھاتے ہوئے امن کے پیغام کو پھیلانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ٹورنٹو سے نجی ٹی وی سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے بولی وڈ کے اداکار سلمان خان سے حالیہ ہونے والی اپنی ملاقات کے حوالے سے بتایا۔

ان کا کہنا تھا کہ سلمان خان سے ملاقات انتہائی خوشگوار رہی اور اس میں پاک بھارت تعلقات بھی زیر بحث آئے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ ہم دونوں اس بات پر متفق تھے کہ پاک بھارت تعلقات کی بہتری کے لیے میڈیا میں مثبت گفتگو کی جائے اور اس حوالے سے اپنا بہترین کردار ادا کیا جائے۔ٹورنٹو میں ٹی ٹونٹی لیگ کھیلنے والے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ سلمان خان کے ساتھ سوشل میڈیا پر تصویریں شائع کرنے کا مقصد بھی یہی تھا۔

(جاری ہے)

کینیڈا میں اپنی مصروفیات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی لیگ کے منتظمین اس تقریب کو پورے ملک میں پھیلانا چاہتے تھے جس میں میں ان کی مدد کر رہا ہوں۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ منتظمین چاہتے تھے کہ لیگ میچز کینیڈا اور امریکہ کے مختلف شہروں میں ہوں اور میں اس خطے میں کھیل کی تشہیر کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس لیگ کے ذریعے مقامی کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے، اس طرح کی لیگز کینیڈا کی قومی ٹیم کو فائدہ پہنچائے گی۔