پاکستان فٹ بال ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی کردی گئی، کٹ قومی پرچم کے رنگوں اور جذبے کی عکاسی کرتی ہے

اتوار 15 جولائی 2018 22:00

لاہور۔15جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) پاکستان فٹ بال ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی کردی گئی، پی ایف ایف سیکرٹریٹ فیفا ہائوس قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والی پروقار تقریب میں ایشین گیمز اور ساف کپ کیلئے ٹریننگ کیمپ کا حصہ بننے والے فٹ بالرز نے شرکت کی، اس موقع پر 3 مختلف ڈیزائن کی کٹس پیش کی گئیں، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ جوز انتونیو نوگیرا، ڈائریکٹر ٹیکنیکل پی ایف ایف شہزاد انور، ہیڈ لیگ ڈویلپمنٹ اینڈ میڈیا شاہد کھوکھر اور دیگر کوچنگ سٹاف سمیت میڈیا نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی، قومی ٹیم کی نئی کٹ کو کھلاڑیوں اور آفیشلز کی جانب سے خوب پذیرائی ملی۔

اپنے بیان میں صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ پاکستان فٹ بال ٹیم کی تاریخ میں پہلی بار کٹ کی رونمائی کیلیے تقریب منعقد کی گئی، ہم مستقبل میں ٹیم کی برانڈ ویلیو قائم کرنا چاہتے ہیں، کٹ کی تقریب رونمائی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

(جاری ہے)

پلیئرز کو کوچنگ کی بہترین سہولیات، جدید ٹیکنالوجی اور بہت اچھا ماحول فراہم کیا گیا ہے، پاکستان فٹ بال کو عروج کی جانب گامزن کرنے کیلئے بہترین اقدامات اٹھا رہے ہیں، امید ہے کہ مستقبل قریب میں ان کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ جوز انتونیو نوگیرا نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کی کٹ اس کی پہچان ہوتی ہے، پی ایف ایف نے اس سلسلے میں اچھا اقدام کیا ہے، کھلاڑی جوش و جذبے سے بھرپور اور اس عزت افزائی کا حق ادا کرنے کیلیے تیار ہیں۔ ڈائریکٹر ٹیکنیکل شہزاد انور نے کہا کہ کٹ کی رونمائی کیلئے شاندار تقریب کے انعقاد سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا ہے، انٹرنیشنل مصروفیات سے قبل صدر پی ایف ایف نے پلیئرز کی حوصلہ افزائی کیلیے اچھا اقدام ہے، تقریب رونمائی سے ان کا اعتماد بڑھا ہے۔

ہیڈ لیگ ڈویلپمنٹ اینڈ میڈیا شاہد کھوکھر نے کہا کہ پی ایف ایف کے صدر سید فیصل صالح حیات کی متعین کردہ سمت کی روشنی میں ہم آگے بڑھ رہے ہیں، پاکستان ٹیم کی کٹ قومی پرچم کے رنگوں اور جذبے کی عکاسی کرتی ہے، ہم پاکستان ٹیم کو ایک برانڈ ویلیو اور شناخت دینے کیلیے درست سمت میں گامزن ہیں، پی ایف ایف پر امید ہے کہ قومی ٹیم آنے والے انٹرنیشنل ایونٹس میں اپنا لوہا منوانے کیلئے سخت محنت کرے گی۔