الیکشن میں امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کیلئے علماء کرام اپنا کردار ادا کریں،ڈپٹی کمشنرراجن پور

پیر 16 جولائی 2018 23:32

راجن پور۔16جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) ضلع راجن پور میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کا اتحاد مثالی اور قابل تقلید ہے۔ ان میں ہم آہنگی ،اخوت اور قومی جذبہ موجود ہے۔انشاء اللہ یہ مثال ہمیشہ قائم رہے گا۔الیکشن 2018ء میں بھی امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لئے علماء کرام بھی اپنا کردار ادا کریں ۔یہ باتیںڈپٹی کمشنر راجن پور اللہ دتہ وڑائچ نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریوینو ) عطاء الحق ،سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انوسٹی گیشن ،ڈپٹی سپر نٹنڈنٹ آف پولیس،اسسٹنٹ کمشنر راجن پور وسیم حسن،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈاکٹر محمد اسلم ،ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر محمد اسد،سول ڈیفنس آفیسر عقیل گل،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات 25جولائی 2018ء کو ہونے والے ہیں۔اس میں امن کے لحاظ سے علماء کرام کا کردار بھی اہم ہے ۔تمام علماء کرام لوگوں کو صبر و تحمل ،امن وامان اور اتحاد کا درس دیں کیونکہ ہمارا دین بھی اسی چیز کا سبق دیتا ہے ۔اس موقع پر تمام علماء کرام نے اپنے تعاون کا یقین دلایا اور آخر میں ملکی ترقی ،امن و امان اور سانحہ کوئٹہ و پشاور کے شہداء کے لئے دعا مغفرت کرائی گئی۔