قطری میڈیا میں جرمن وزیر دفاع سے منسوب انٹرویو من گھڑت قرار

قطری میڈیا نے عربی اور انگریزی زبانوں میں جرمن وزیر دفاع کا ایک من گھڑت انٹرویو نشر کیا تھا،وزارت داخلہ

منگل 17 جولائی 2018 12:27

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) جرمنی کی وزارت داخلہ نے قطری میڈیا کی جانب سے خاتون وزیر دفاع اٴْرزولا فان ڈیئر لاین سے منسوب بیان کی تردید کر دی ہے۔قطری میڈیا نے عربی اور انگریزی زبانوں میں جرمن وزیر دفاع کا ایک من گھڑت انٹرویو نشر کیا تھا جو گزشتہ ہفتے نیٹو کے سربراہ اجلاس کے موقع پر برسلز میں موجود تھیں۔

(جاری ہے)

قطری میڈیا کے مطابق جرمن خاتون وزیر نے دوحہ کی شرکت اور یورپی یونین اور نیٹو اتحاد کے حوالے سے موقف پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ قطر کے ساتھ ہمدردی رکھتی ہیں۔تاہم سعودی دارالحکومت ریاض میں جرمن سفارت خانے نے ٹوئیٹر پر اپنے سرکاری اکاؤنٹ کے ذریعے جرمن وزارت دفاع کی تردید جاری کی ہے۔ اس طرح اٴْس بیان کے بے بنیاد ہونے کی تصدیق ہو گئی جس کے ذریعے قطری میڈیا نے سعودی عرب کی کردار کشی کی کوشش کی۔انسداد دہشت گردی کے داعی چاروں ممالک کی جانب سے قطر کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کے اعلان کے بعد سے دوحہ جان بوجھ کر ایسا پروپیگنڈہ کرتا چلا آ رہا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔