Live Updates

نواز شریف اور مریم نواز کو دوسری جیل منتقل کیے جانے کا امکان

نواز شریف اور مریم نواز کو دوسری جیل منتقل کرنے کے لیے مشاورت جاری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 17 جولائی 2018 12:30

نواز شریف اور مریم نواز کو دوسری جیل منتقل کیے جانے کا امکان
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جولائی 2018ء) : نواز شریف اور مریم نواز کو آج اڈیالہ جیل میں قید ہوئے چوتھا روز ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز کو 13 جولائی بروز جمعہ کی شب اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔ تاہم اب دونوں مجرموں کو کسی اور جیل منتقل کرنے کے لیے مشاورت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مظاہروں کی شکل میں نوازشریف اور مریم نواز کے حق میںاڈیالہ جیل میں لیگی خواتین و دیگر کارکنان کی آمد سے اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی خطرے سے دو چار ہو گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اسی خطرے کے پیش نظر نواز شریف اور مریم نواز کو کسی اور جیل منتقل کیے جانے کا امکان ہے جس کے لیے مشاورت بھی شروع کر دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ہمہ وقت رش کسی بھی وقت ناگہانی صورتحال پیداکرسکتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کی کسی اور جیل منتقلی کا آپشن زیر غور لایا گیا ہے جس پر مشاورت کے بعد جلد ہی حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں بی کیٹگری میں رکھا گیا ہے جبکہ مریم نواز کو بیرک میں رکھا گیا ہے۔نواز شریف اور مریم نواز کو قیدی نمبر الاٹ کیے گئے۔ نواز شریف کو قیدی نمبر 3421 جبکہ مریم نواز کو قیدی نمبر 3422الاٹ کیا گیا۔ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر سے ملاقات کے لیے جیل انتظامیہ نے جمعرات کا دن مقرر کر رکھا ہے۔

مقررہ دن کے علاوہ کسی بھی دن ملاقاتیوں کو نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ گذشتہ روز ن لیگی رہنما جاوید ہاشمی نواز شریف سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تو انہیں گیٹ پر ہی روک دیا گیا، جبکہ اتوار کے روز سابق وزیر طارق فضل چودھری بھی سابق وزیراعظم سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے اور نوازشریف سے ملاقات کی اجازت چاہی لیکن جیل انتظامیہ نے انہیں روک دیا اور کہا کہ آج چھٹی ہے ملاقات نہیں ہو سکتی ۔

مریم نواز کو جیل سپرٹنڈنٹ نے جیل قوانین کے مطابق بہتر کلاس میں منتقل کرنے اور زیادہ سہولیات دینے کی پیشکش کی جس سے انہوں نے صاف انکار کردیا تھا۔ مریم نواز نے کہا کہ بہتر کلاس اور سہولیات لینے سے میں نے خود انکار کیا ہے ، یہ میرا ذاتی فیصلہ ہے اور میں نے یہ فیصلہ کسی کے دباؤ میں آئے بغیر کیا ہے۔ نواز شریف نے جیل میں سہولیات نہ ہونے اور باتھ روم صاف نہ ہونے کا شکوہ کیا تھا۔خیال رہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو 13 جولائی کو لاہور ائیر پورٹ پر لینڈ کرتے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا، نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کر کے انہیں اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا جہاں وہ 4 روز سے موجود ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات