وکلاء کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیںاور وکلاء کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے،دوست محمدخان

نگران حکومت کا بنیادی مقصد صاف، شفاف الیکشن منعقد کرنا ہے اور اس مقصد کیلئے وہ ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں،نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

منگل 17 جولائی 2018 23:13

وکلاء کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیںاور وکلاء کے مسائل ترجیحی بنیادوں ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے کہاہے کہ وہ وکلاء کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیںاور وکلاء کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔ اُنہوںنے کہا کہ نگران حکومت کا بنیادی مقصد صاف، شفاف الیکشن منعقد کرنا ہے اور اس مقصد کیلئے وہ ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

اُنہوںنے ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں سینئر وکلاء پشاور ہائی کورٹ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوںنے کہا کہ خیبرپختونخوا میں نئے شامل ہونے والے اضلاع کیلئے خصوصی محکمہ کی تشکیل زیر غور ہے کیونکہ گزشتہ کئی دہائیوں کی جنگ کی وجہ سے وہاں کا انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے ۔ وہاں کا تعلیمی نظام ، صحت کی سہولتیں اور دیگر ادارے بری طرح متاثر ہو چکے ہیں لہٰذا صوبائی حکومت مجوزہ محکمے کی وساطت سے وہاں پر تعمیر نو اور فوری ریلیف کیلئے مختصر المدتی اور کثیر المدتی منصوبے بنائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اُنہوںنے کہاکہ تعلیمی اداروں اور پبلک سروس کمیشن میں قبائلیوں کا کوٹہ برقرار رکھا جائے گااور ان اضلاع میں نئی آسامیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ وہاں کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرسکیں۔ دوست محمد خان نے وکلاء کوبتایا کہ پشاور میں قائم بڑے بڑے ہسپتالوں جیسے لیڈی ریڈنگ ہسپتال وغیرہ میں زندگی بچانے والی ادویات اور دوسری سہولیات کی فراہمی کیلئے فور ی اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

وکلاء کے ایک سوال کے جواب میں اُنہوںنے کہاکہ ماضی میں بھی بطور چیف جسٹس اُنہوںنے پیسکو کے سربراہ سے ہسپتالوں، سکولوں ، جیل اور عدالتوں کو لوڈ شیڈنگ سے مستشنیٰ قرار دینے کیلئے کہا تھا ۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ تمام شہریوں کو بلا رنگ و نسل و مذہب انصاف پہنچانا چاہیئے ۔ اُنہوںنے کہاکہ وکلاء اور ججوں کو انصاف کی بالادستی کیلئے دن رات محنت کرنی چاہیئے۔

اُنہوںنے کہا کہ کوئی بھی ملک یا صوبہ انصاف کے نظام کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوںنے کہاکہ نگران حکومت آنے والی حکومت کیلئے ایک ایسا روڈ میپ چھوڑ کے جائے گی جس پر چل کر لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف بہم پہنچایا جاسکے گا۔ اس موقع پر ہائی کورٹ میں قائم لفٹر اور معذور افراد کیلئے مختص وہیل چیئر کا بھی ذکر کیا اور اس میں مزید اضافی سہولتیں دینے کی بھی یقین دہانی کروائی ۔