بھارت ،ْ بھائی کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے بہن نے اسکول کے کھانے میں زہر ملادیا

بدھ 18 جولائی 2018 17:01

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) بھارت کی ریاست ہریانہ کے ایک ضلع گورکھ پور میں 7ویں جماعت کی طالبہ نے اپنے بھائی کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے اسکول میں طالبِ علموں کیلئے بنائے گئے کھانے میں زہر ملادیا۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسکول کے باورچی نے متعلقہ پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد اسکول میں افراتفری پھیل گئی۔

پولیس اور صحت و منشیات کی انتظامیہ کے حکام نے فوری طور پر اسکول کا دورہ کیا اور کھانے کا معائنہ کیا تاہم کسی بھی طالبِ علم کی حالت خراب ہونے کے شواہد نہیں ملے۔اس کے علاوہ مقامی ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے بھی اسکول کا دورہ کیا جہاں یہ بات سامنے آئی کہ مبینہ طور پر زہر ملی غذا کھانے کیلئے پیش ہی نہیں کی گئی۔پولیس کے مطابق طالبہ اور اس کی والدہ سے تفتیش کی گئی تاہم اس نے الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس نے کھانے میں کوئی چیز نہیں ملائی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پولیس، صحت و منشیات کی انتظامیہ کی رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے جس کی بنیاد پر اگر ضروری ہوا تو لڑکی کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔رواں برس اپریل میں اسی اسکول میں ایک حادثہ پیش آیا تھا جس میں مذکورہ طالبہ کے بھائی کو 5ویں جماعت کے ایک طالبِ علم نے سر پر اینٹ ماردی تھی جس کی وجہ سے وہ ہلاک ہوگیا تھا