کراچی کے تمام چھوٹے بڑے سرکاری اسپتالوں میں آگ بجھانے کے آلات ناپید

ْآتشزدگی کی صورت میں مریضوں اور اسپتال آنے والوں کے لیے ہنگامی راستے بھی موجود نہیں ہیں

بدھ 18 جولائی 2018 18:03

کراچی کے تمام چھوٹے بڑے سرکاری اسپتالوں میں آگ بجھانے کے آلات ناپید
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) سندھ کے سب سے بڑے اسپتال ڈاکٹر روتھ فا سول اسپتال سمیت کراچی کے تمام چھوٹے بڑے سرکاری اسپتالوں میں آگ بجھانے کے آلات نہ ہونے کے باعث سنگین صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔آتشزدگی کی صورت میں مریضوں اور اسپتال آنے والوں کے لیے ہنگامی راستے بھی موجود نہیں ہیں ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں جہاں دیگر سہولتوں کا فقدان ہے وہیں آتشزدگی کی صورت میں آگ بجھانے کے آلات بھی ناپید ہیں ۔

سندھ کے سب سے بڑے ڈاکٹر روتھ فاؤ سول اسپتال میں صورت حال زیادہ سنگین ہے جہاں نہ تو آلات موجود ہیں اور نہ ہی آگ لگنے کی صورت میں مریضوں اور اسپتال آنے والوں کو باہر نکالنے کے لیے ہنگامی راستے موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق قومی ادارہ برائے اطفال میں آگ بجھانے کے آلات ضرورموجود ہیں لیکن زنگ آلودہ ہونے کی وجہ سے وہ کسی کام کے نہیں رہے ہیں ۔

اسپتالوں میں موجود مختلف این جی او کے آفس میں بہت کم تعداد میں آگ بجھانے کے آلات ہیں جو آگ پر قابو پانے کے لیے ناکافی ہیں۔ آگ لگ جانے کی صورت میں فائر بریگیڈ کو آنے میںوقت لگتا ہے جس کے باعث آگ خطرناک صورت حال اختیار کرکے اسپتال کے مختلف شعبوں میں پھیل سکتی ہے جس سے کسی بڑے سانحہ کے رونما ہونے کا خدشہ ہے ۔واضح رہے کہ چند ماہ قبل بھی قومی ادارہ برائے امراض قلب اور قومی ادارہ برائے اطفال میں آگ لگنے کے باعث اسپتال کو نقصان پہنچا تھا ۔

متعلقہ عنوان :