بھارت، شدید بارشوں نے تباہی مچا دی،18افراد ہلاک، 3500سے زائد نقل مکانی پر مجبور، ٹریفک کا نظام درہم برہم

بدھ 18 جولائی 2018 18:37

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جولائی2018ء) بھارتی ریاست کیرالہ میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی، 18افراد ہلاک جب کہ 3500سے زائد نقل مکانی کر چکے ہیں، ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق شدید بارش نے ملک کی مختلف ریاستوں میں تباہی مچا رکھی ہے۔بارش سے سب سے زیادہ ریاست کیرالا متاثر ہوئی۔ یہاں بارش کی وجہ سے ابتک18افراد ہلاک جبکہ 3500سے زائدلوگ اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکے ہیں۔

ارناکلم ، قاضی کوٹ، الاپوجھا، کنور اور کوٹایم علاقے زیادہ متاثر ہوئے۔سڑکیںاور نشیبی علاقے زیر آب آنے سے جھیل میں تبدیل ہوگئے۔ٹریفک نظام معطل ہونے سے گاڑیوں کی آمدورفت میں دشواری پیدا ہوگئی۔نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔

(جاری ہے)

ارناکلم میں شدید بارش کی وجہ سے ضلع انتظامیہ نے تمام سرکاری اسکول اور کالج بند کرنے کی ہدایت جاری کردی۔کوٹایم ،کنور سیکشن پر چلنے والی 10ٹرینیں منسوخ کردی گئیں۔

ارناکلم، پونالور سیکشن پر چلنے والی 2ٹرینوں کو وقتی طور پر معطل کردیا گیا۔ ریلوے کے پی آر او کے مطابق مسلسل بارش کی وجہ سے دریاوں میں سیلاب آگیا اور مختلف ندیاں دہانے سے اوپر بہہ رہی ہیں۔مختلف ٹرینوں کو ان دریاوں پر قائم پلوں سے گزرناپڑتا ہے ۔ سیلابی کیفیت کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کے طور پر ٹرینیں منسوخ کی گئیں۔