Live Updates

اڈیالہ میں نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کے لیے آنے والوں کی فہرست تیار

ملاقات کے لیے آنے والوں کو صرف 20 منٹ کے لیے اجازت دی جائے گی۔جیل ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 19 جولائی 2018 11:34

اڈیالہ میں نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کے لیے آنے والوں کی فہرست ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جولائی 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز اڈیالہ جیل میں قید ہے او ان سے ملاقات کے لیے جیل انتطامیہ نے جمعرات کا دن مقرر کر رکھا ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کے لیے آنے والوں کی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں۔ نواز شریف اور مریم نواز سے آج اڈیالہ جیل میں شریف خاندان کے 17 افراد ملاقات کریں گے۔

ملاقاتیوں کی فہرست میں 23 ن لیگی رہنماؤں اور 11 وکلا کے نام بھی شامل ہیں۔ ملاقات کے لیے آنے والے ن لیگی رہنماؤں میں ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، آصف کرمانی سمیت دیگر شامل ہیں۔ جیل ذرائع کے مطابق ملاقات کے لیے آنے والوں کو شناختی کارڈ کے بغیر جیل میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ ہر ملاقاتی کو 20 منٹ کا وقت دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

نواز شریف سے آج اڈیالہ جیل میں ملاقات کا وقت شام 4 بجے تک ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جیل میں نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کرنے والوں پر موبائل فون ساتھ لے جانے پر پابندی ہو گی۔اس موقع پر اڈیالہ جیل میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ دو روز قبل اڈیالہ جیل میں نواز شریف اور مریم نواز کی سیکیورٹی کو ریڈ الرٹ کر دیا گیا تھا۔ نواز شریف کی سکیورٹی پر چھ اہلکار تعینات جبکہ ان کے ساتھ ایک مشقتی بھی کام کر رہا ہے۔

جیل ذرائع نے بتایا کہ مریم نواز کی سیکیورٹی پر خاتون ڈپٹی سپریٹنڈنٹ سمیت 6 خواتین اہلکار تعینات کی گئی ہیں۔ جیل کھولنے کے دوران نواز شریف کو محدود رہنے جبکہ مریم نواز کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی۔ جیل میں نواز شریف کو اخبارات بھی مہیا کیے گئے۔ نواز شریف اور مریم نواز کو جیل میں دئے جانے والے کھانے اور پانی کی نگرانی خود جیل سپریٹنڈنٹ نے اپنے ذمے لی ہے۔

گذشتہ روز کئی لیگی کارکنان بھی اڈیالہ جیل کے باہر اکٹھے ہوئے اور اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر شدید نعرے بازی بھی کی۔ قبل ازیں خبر آئی تھی کہ نواز شریف اور مریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہائوس منتقل کرنے کے لیے جیل انتظامیہ نے حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے تحت آئندہ چند روز میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہائوس منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات