تعلیم کا فروغ اولین ترجیح ، معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے‘شوکت جاوید

بطور قوم جدید سائنٹفک علوم کا حصول ہماری ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے‘نگران صوبائی وزیر داخلہ

جمعرات 19 جولائی 2018 20:53

تعلیم کا فروغ اولین ترجیح ، معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے‘شوکت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) نگران صوبائی وزیر داخلہ شوکت جاوید نے کہا کہ ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے معیاری تعلیم کا فروغ نا گزیر ہے ،حکومت معیاری تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی، نجی تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ مستقبل کے معماروں کی آبیاری ان خطوط پر کریں کہ وہ نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نا م روشن کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال میں لاہور لیڈز یونیورسٹی کے دوسرے کا نووکیشن سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے چیئر مین بورڈ آف گورنرز ظہور احمد اور وائس چانسلر ڈاکٹر محمد رفیق بلوچ بھی موجود تھے۔ شوکت جاوید نے کہا کہ ہمارے طلبا کو عہد حاضر کے درپیش چیلنجز سے عہدہ برآہ کر نے کے لیے تعلیمی اداروں کو ان چیلنجز کا بھرپور ادارک ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ بطور قوم جدید سائنٹفک علوم کا حصول ہماری ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ گو کہ ہمارے ملک نے بیشتر شعبوں میں بے پناہ ترقی کی ہے تاہم ترقی کے بین الاقوامی معیار کے حصول کے لیے ابھی بھی مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ انھوں نے مختلف نجی اداروں کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ اداروں میں اپنی نوجوان نسل کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کریں تاکہ ہمارے ملک سے بے روز گاری کا خاتمہ ہو۔

وزیر داخلہ شوکت جاوید نے کہا کہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی قیادت میں صوبے میں تعلیم کے فروغ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کا م کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تمام یوینورسٹیاں اپنی سینئر فیکلٹی ڈیویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دیں۔ انھوں نے کہا کہ صوبے میں پی ایچ ڈی سکالرز کی کمی کو پورا کیا جائیگا۔ شوکت جاوید نے کہا کہ حکومت پنجاب وائس چانسلر ز کی تعیناتی میں سخت میرٹ کی پالیسی پر کار بند ہے۔تقریب کے آخر میں وزیر داخلہ نے کامیاب طلباء وطالبات میں شیلڈز ، میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں۔