ایفی ڈرین کوٹہ کیس، حنیف عباسی کے وکیل نے دلائل مکمل کرنے کیلئے مزید وقت مانگ لیا

جمعرات 19 جولائی 2018 23:39

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) انسداد منشیات کی عدالت میں ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں لیگی رہنماء حنیف عباسی کے وکیل نے دلائل مکمل کرنے کیلئے مزید وقت مانگتے ہوئے کہا ہے کہ 21 جولائی تک ہم دلائل مکمل نہیں کرسکتے اس لئے ہمیں مزید وقت دیا جائے ۔ جمعرات کو انسداد، منشیات کی خصوصی عدالت کے جج سردارمحمد اکرم نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے احکامات پر روزانہ کی بنیاد پرایفی ڈرین کوٹہ کیس کی سماعت چوتھے دن بھی جاری رہی۔ لیگی رہنما رہنما حنیف عباسی سمیت ضمانت پر رہا تمام ملزمان عدالت میں حاضر ہو ئے ۔ حنیف عباسی کے وکیل تنویر اقبال نے جمعرات کو اپنے دلائل جاری رکھے ۔حنیف عباسی کے وکیل تنویر اقبال نے انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں درخواست دائر کی ہے کہ21 جولائی تک ہم دلائل مکمل نہیں کر سکتے ہمیں مزید وقت دیا جائے جس کے بعد سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی گئی ہے۔