فیس بک نے الیکشن کمیشن کے اشتراک سے ووٹرز کو ان کے حلقے اور ووٹ کی معلومات کی تصدیق کی مہم شروع کر دی

جمعہ 20 جولائی 2018 13:30

ْ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے الیکشن کمیشن کے اشتراک سے ووٹرز کو ان کے حلقے اور ووٹ کی معلومات کی تصدیق کی مہم شروع کر دی ہے۔ووٹ کی معلومات کیلئے فیس بک کا نوٹی فکیشن نیوز فیڈ میں سب سے پہلے نظرآرہا ہے ،ْ نوٹی فکیشن میں پوچھا گیا کہ کیا آپ کا ووٹ رجسٹرڈ ہے ۔ووٹ کی معلومات کیلئے دو آپشنز دیئے گئے ہیں ،ْایک سے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ اور دوسرے سے 8300 پر ایس ایم ایس کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چند روز قبل فیس بک انتظامیہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 25 جولائی کے انتخابات کے حوالے سے خصوصی ٹرینڈ بنانے اور سوشل میڈیا پر سیاسی جماعتوں کے جعلی پیجز کے خاتمہ میں مدد کی پیشکش کی تھی۔اپریل میں فیس بک کیمالک مارک زکر برگ نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ فیس بک کے جعلی اکائونٹ رکھنے والے اس سال پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات پراثر انداز ہو سکتے ہیں لیکن پوری کوشش ہوگی کہ پاکستان میں الیکشن پر فیس بک کے ذریعے کوئی اثر انداز نہ ہو۔