Live Updates

اسلام آباد ہائی کورٹ نے شریف فیملی کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹی ریفرنس میں فیصلے کے خلاف اپیلوںمیں عدالتی معاون مقرر کرنے کا حکم دے دیا

جمعہ 20 جولائی 2018 18:02

اسلام آباد ہائی کورٹ نے شریف فیملی کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹی ریفرنس ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے شریف فیملی کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹی ریفرنس میں فیصلے کے خلاف اپیلوں میں عدالتی معاون مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔ اپیلوں کے خلاف دائر درخواستوں کے تحریری فیصلے میں قومی احتساب بیورو ( نیب) کو عدالتی معاونت مقرر کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ عدالت عالیہ اسلام آباد کے ابتدائی سماعت کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وکیل صفائی کے دلائل کے ساتھ نیب کو بھی سنا جائے گا ۔

شریف فیملی کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت جولائی کے آخری ہفتے تک ملتوی کی گئی ہے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جولائی کے آخری ہفتے میں دستیاب بنچ کے سامنے کیس سماعت کے لئے مقرر کیا جائے اور اپیلوں کے والیم تیار کر کے پیش کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن(ر) صفدر کی اپیلیں باقاعدہ سماعت کے لئے مقرر کی جاتیں ہیں ۔

واضح رہے شریف فیملی کے قانونی مشیر نے عدالت سے استدعا کی کہ اپیلوں پر فیصلے تک شریف فیملی کو رہائی دی جائے جبکہ عدالت نے نیب کا موقف سنے بغیر فیصلہ دینے سے معذرت کرتے ہوئے وکیل صفائی کی استدعا مسترد کر دی تھی ۔ جس کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژنل بنچ میں شامل جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے نیب کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت جولائی کے آخری ہفتے تک کے لئے ملتوی کر دی تھی ۔

شریف فیملی کی جانب سے احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر کے 6 جولائی کے فیصلے کو عدالت عالیہ اسلام آباد میں چیلنج کیا گیا تھا جس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 10 سال مریم نواز کو 7 جبکہ کیپٹن(ر) صفدر کو ایک سال کی قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔ ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات