چمن مال روڈ دھماکے کے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ٹریفک کے لیے کھول دی گئی

ہفتہ 21 جولائی 2018 16:56

چمن مال روڈ دھماکے کے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ٹریفک کے لیے کھول دی گئی
چمن ۔21جولا ئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) چمن مال روڈ پر گزشتہ روز کے دھماکے کے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد اسے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیاہے، مال روڈ پر موٹرسائیکل میں نصب بم دھماکے سے چھ افراد زخمی ہوگئے تھے ، دھماکے میں سکیورٹی آفیسر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی،دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او سٹی محمد انور کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے جس میں دہشت گردی اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

چمن شہر سمیت ضلع بھر میں سکیورٹی خدشات کی وجہ سے الیکشن مہم کے لئے امیدواروں کی جانب سے تمام جلسے،جلوس اور کارنرمیٹنگز بھی ختم کردی گئی ہیں اور ضلعی انتظامیہ نے شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے،چمن میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر گزشتہ روز سے ہی انٹرنیٹ کی فورجی اور تھری جی سروس بند کردی گئی ہے جو دس روز کے لیے بند رہے گی۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کل سے تین دن کے لے چمن بارڈر مکمل طورپر سیل رہے گا اس کے علاوہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی چیکنگ سخت کردی گئی ہے۔