تجارتی خسارہ کم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے کیونکہ اس میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہی : پیاف

پیر 23 جولائی 2018 19:18

تجارتی خسارہ کم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے کیونکہ اس میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2018ء) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ نے کہا ہے کہ برآمدات میں کم شرح سے اضافہ ہونے اور درآمدات میںزیادہ شرح سے اضافے سے کرنٹ اکائونٹ خسارہ بڑھتا جارہا ہے۔ درآمدات اور برآمدات کے عدم توازن اور قرضوں میں اضافے کی وجہ سے تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے اس کو کنٹرول کیا جائے برآمدات اور درآمدات کے بل میں واضح فرق کی وجہ سے بیرونی قرضوں کی واپسی اور اخراجات اور درآمدی بل 14.7% بڑھنے سے خسارہ جی ڈی پی سے 5.7% تک پہنچ گیا ہے ۔

زرمبادلہ کے ذخائر پر مسلسل دبائو بڑھ رہا ہے۔تجارتی خسارہ بہتر کرنے کے لئے درآمدات کو گھٹانے کے لئے سخت اقدامات کئے جائیںٹیکسٹائل کا شعبہ جسے ہماری معیشت میں بنیادی اہمیت حاصل ہے اور جو روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں سب سے آگے ہے، بدستور مسائل کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

ملکی برآمدات میں اضافہ سے ہی ملکی صنعت ترقی کرے گی درآمدات میں اضافہ سے تجارتی خسارہ بڑھتا جارہا ہے اور حکومت کے ریونیو میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ نے سیئنر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئر مین خواجہ شاہزیب اکرم کے ہمراہ ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ تجارتی خسارہ کم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے کیونکہ اس میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔

تجارتی خسارہ کنٹرول کرنے کیلئے برآمدات میں اضافے اور درآمدات میں کمی کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ حکومت کو چاہیے کہ ملکی برآمدات اور درآمدات کو متوازن رکھا جائے اور اگر برآمدات میں اضافے کے ساتھ ساتھ درآمدات میں کمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات نہ کیے گئے تو رواں مالی سال کے اختتام تک تجارتی خسارے کا حجم 25 ارب ڈالر تک پہنچنے کا احتمال ہے جسکے نتیجے میں ایک بار پھر غیر ملکی قرضوں پر انحصار کرنا پڑے گا۔

تنویراحمد صوفی اور خواجہ شاہزیب اکرم نے کہا ہے کہ تجارتی خسارہ ملکی برآمدات میں اضافہ سے ہی دور ہوگا۔ برآمدات میں کمی کی دیگر وجوہات کے ساتھ مہنگی بجلی وگیس ہے اس لیے حکومت برآمدات میں اضافہ کے ہدف کی تکمیل کیلئے صنعتی مقاصد کیلئے بجلی کی قیمتوں میں فوری کمی کا اعلان کرے۔