پنجاب میں 2163خواجہ سرائوں کوقومی شناختی کارڈزجاری

شناختی کارڈز کا اجراء خواجہ سرائوں کو مین سٹریم میں لانے کی جانب پہلا قدم ہے‘چیف سیکرٹری پنجاب

پیر 23 جولائی 2018 20:49

پنجاب میں 2163خواجہ سرائوں کوقومی شناختی کارڈزجاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق پنجاب میں اب تک 2163 خواجہ سرائوںکوقومی شناختی کارڈزجاری کئے جا چکے ہیںجبکہ798خواجہ سرائوںکے شناختی کارڈ کے اجراء کا عمل جاری ہے۔خواجہ سرائوں کیلئے شناختی کارڈ کے اجراء پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی کی زیر صدارت فاونٹین ہاوس میں منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ شناختی کارڈز کا اجراء خواجہ سرائوں کو مین سٹریم میں لانے کی جانب پہلا قدم ہے، ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔ انہوں نے سیکرٹری سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی کہ خواجہ سرائوں کیلئے انڈومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا جائے اوردیگر محکموں کی جانب سے خواجہ سرائوں کی بہبود کیلئے صحت کارڈز، ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ، ملازمت کے مواقع اور دیگر اقدامات سے متعلق تجاویز بھجوائی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق صوبے کی سطح پر مانیٹرنگ کمیٹی جبکہ اضلاع میں عملدرآمد کمیٹیاں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ سرائوں کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنے اور انہیں مین سٹریم میں لانے کیلئے آگاہی مہم شروع کی جائے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے خواجہ سرائوں میں شناختی کارڈز بھی تقسیم کئے۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے اجلاس کو شناختی کارڈ کے اجراء اور خواجہ سرائوں کی بہبود کیلئے کئے جانیوالے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں حالیہ مردم شماری کے مطابق خواجہ سرائوں کی کل آبادی 6709ہے جبکہ مجموعی طور پر2961 خواجہ سرائوں کو رجسٹرکیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اضلاع میںقائم خصوصی مراکزون ونڈو آپریشن کے تحت خواجہ سرائوں کو شناختی کارڈ کے اجراء کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں محکمہ سوشل ویلفیئر نے خواجہ سراوں کیلئے کمیونٹی سنٹر کے قیام کی منظوری دی ہے۔اجلاس میں سیکرٹری پرائمری ہیلتھ، سیکرٹری وویمن ڈویلپمنٹ ، اخوت کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب، متعلقہ افسران اور خوا جہ سرائوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔