ن لیگ لاہور کی ایک اور سیٹ جیتنے میں کامیاب ہو گئی

حلقہ این اے 128میں ن لیگ کے امیدار شیخ روحیل اصغرنے 98ہزار 199 ووٹ لے کرتحریک انصاف کے امیدوار کو ہرا دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 26 جولائی 2018 13:27

ن لیگ لاہور کی ایک اور سیٹ جیتنے میں کامیاب ہو گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جولائی 2018ء) : لاہور کے بڑے حلقے این اے 128کا غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجہ سامنے آ گیا ہے جس کے مطابق ن لیگ نے حلقہ این اے 128 کا معرکہ جیت لیا ہے۔ غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار شیخ روحیل اصغر نے 98ہزار 199 ووٹ کامیاب رہے جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار اعجاز ڈیال 61 ہزار 243 ووٹ لے کر کامیاب رہے۔

اس سے پہلے ن لیگ حلقہ این اے 125کی سیٹ پر بھی کامیاب ہو چکی ہے۔ لاہور کے حلقہ این اے 125 سےپاکستان مسلم لیگ ن کے اُمیدوار وحید عالم خان کامیاب ہو گئے تھے ۔غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے اُمیدوار وحید عالم خان کامیاب ہو گئے جبکہ پی ٹی آئی کی اُمیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے اُمیدوار وحید عالم خان حلقے سے ایک لاکھ 22 ہزار 627 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایک لاکھ 5 ہزار 857 ووٹ حاصل کیے۔

بدھ کے روز ہونے والے پاکستان کے عام انتخابات کے سلسلے میں پولنگ شام 6 بجے ہی ختم ہوگئی تھی۔ پولنگ ختم ہونے کے ایک گھںٹے بعد غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ اس سلسلے میں قومی اسمبلی کی 272 میں سے 260 نشستوں کے 20 سے 25 فیصد پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج بھی سامنے آ چکے ہیں۔ اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف باقی جماعتوں پر برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔

قومی اسمبلی کی 272 میں سے 260 نشستوں کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں سے تحریک انصاف اب تک کل 120، ن لیگ کو 61، پیپلز پارٹی کو 40 جبکہ آزاد اُمیدواروں 16 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔ مزید غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے مقابلے میں ن لیگ ایک اور اپ سیٹ شکست کے دہانے پر ہے۔ لیکن کچھ حلقوں میں ن لیگ کو کامیابی بھی ہوئی جس نے ن لیگی کارکنان اور قیادت کو مزید مایوس ہونے سے بچا لیا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق این اے 126 میں بھی مسلم لیگ ن کامیاب ٹھہری جبکہ شکست پاکستان تحریک انصاف کا مقدر بنی۔