امریکا نے لشکر طیبہ کے سینئر کمانڈر کو عالمی دہشت گرد نامزد کردیا

کالعدم تنظیم کیلئے فنڈ جمع کرنے والے دیگر 2 افراد پر بھی پابندی عائد ، عالمی دہشت گرد قرار ،عبدالرحمٰن الدخیل پر بھارت میں ہونیوالے حملوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے

جمعرات 2 اگست 2018 15:00

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اگست2018ء) امریکا نے لشکر طیبہ کے سینئر کمانڈر کو خصوصی طور پر عالمی دہشت گرد نامز دکردیا، ساتھ ہی کالعدم تنظیم کے لیے فنڈ جمع کرنے والے دیگر 2 افراد پر پابندی عائد کردی ،، عالمی دہشت گرد قرار کیے گئے کمانڈر کی شناخت عبدالرحمٰن الدخیل سے ہوئی ہے اور اس پر 1997 سے 2001 کے درمیان بھارت میں ہونے والے حملوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسی طرح فنڈ جمع کرنے والوں کی شناخت حمید الحسن اور عبدالجبار کے نام سے ہوئی، جن پر مبینہ طور پر فلاح انسانیت فاؤنڈیشن ( ایف اے ایف ) کے لیے کام کرنے کا الزام ہے، جسے امریکا کی جانب سے لشکر طیبہ کا ہی ایک حصہ سمجھا جاتا ہے۔ اس حوالے سے امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ عبدالرحمٰن الدخیل کی جانب سے دہشت گرد حملوں اور ان کی منصوبہ بندی کیلئے استعمال ہونے والے وسائل کو روکنے کی کوشش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

امریکا کے محکمہ خزانہ کے انڈر سیکریٹری برائے دہشت گردی اور مالیاتی انٹیلی جنس سیگل مانڈیلکر کا کہنا تھا کہ ’ لشکر طیبہ کے یہ مالیاتی سہولت کار فنڈ اکھٹا کرنے اور اسے دہشت گرد گروپ میں تقسیم کرنے اور عسکریت پسندوں کو تنخواہیں فراہم کرنے کے ذمہ دار ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ ’محکمہ خزانہ کی ان نامزدگیوں کا مقصد صرف لشکر طیبہ کے مالیاتی نیٹ ورک کو بند کرنا نہیں بلکہ دہشت گرد حملوں کے لیے فنڈ جمع کرنے کی صلاحیت کو بھی ختم کرنا ہے امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے عبدالرحمٰن الدخیل کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ کافی عرصے سے لشکر طیبہ کا رکن اور ان کا سرگرم رہنما تھا جبکہ اس پر 1997 اور2001 کے درمیان بھارت میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کا الزام تھا، جس کے بعد وہ مغربی ایشیا منتقل ہوگیا تھا۔

اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ دخیل کو 2004 میں برطانوی فورسز کی جانب سے عراق سے گرفتار کیا گیا اور اس نے افغانستان اور عراق میں امریکی حراست میں 10 سال گزارے، جس کے بعد 2014 میں اسے پاکستان منتقل کیا گیا۔امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی حراست سے رہائی کے بعد وہ دوبارہ لشکر طیبہ کے لیے کام کرنے لگا اور 2016 میں وہ جموں کے لیے ڈویڑنل کمانڈر بن گیا۔اہم امریکی محکموں کی جانب سے نامزدگی حکم میں کہنا تھا کہ ’ آج کی کارروائی اس بات کو ظاہر کرتے ہے کہ امریکی عوام اور بین الاقوامی برادری عبدالرحمٰن دخیل کو دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے ایک سنگین خطرہ سمجھتی تھی۔