پاکستان ایک پرامن ملک ہے، باہر طرح طرح کی باتیں ہوتی ہیں لیکن یہاں پر آکر ہمیں بہت خوشی ہوئی ، غیر ملکی شرکاء

کراچی کے لوگ بہت پیار ومحبت کرنے والے ہیں،حسین ابراھیم جمال ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری میں تین روزہ بین الاقوامی لائبریری کانفرنس سے خطاب

جمعرات 2 اگست 2018 23:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2018ء) کراچی یونیورسٹی میں ہونے والی انٹرنیشنل لائبریری پروفیشنلز کانفرنس کے غیرملکی شرکاء نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، باہر طرح طرح کی باتیں ہوتی ہیں لیکن یہاں پر آکر ہمیں بہت خوشی ہوئی ،کراچی کے لوگ بہت پیار ومحبت کرنے والے ہیں۔وہ پاکستان لائبریری کلب کے زیرِاہتمام کراچی یونیورسٹی کے حسین ابراھیم جمال ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری میں تین روزہ بین الاقوامی لائبریری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

افتتاحی تقریب کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف انفارمیشن مینجمنٹ پنجاب یونیورسٹی نے کی۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ دور ِ جدید میں معلومات کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے جس کے ساتھ لائبریریز کی اہمیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

لائبریرینز کو چاہیے کے وہ دور ِجدید میں ہونے والی تبدیلیوں کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرکے وہ نالج بیسڈ سوسائٹی میں اپنا کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ لائبریری کی اپنی ایک اہمیت ہے عام طور پر لوگوں کا خیال یہ ہے کہ لائبریری ایک ایسی جگہ ہوتی ہے جہاں صرف بیٹھ کر آپ خاموشی سے کتاب پڑھ سکتے ہیں، حقیقت اس کے برعکس ہے۔ د نیابھر میں لائبریریز کو ایک پبلک مقام کا مرتبہ حاصل ہے جہاں پر ایک جانب لوگ بیٹھ کر کتابیں پڑھتے ہیں تو دوسری جانب طرح طرح کے پروگرام اور ڈیکسشن کے سیشن ہوتے ہیں۔

یہ کانفرنس بین الاقوامی کتب خانوی تنظیموںانٹرنیشنل فیڈریشن آف لائبریری ایسوسی ایشن (افلائ) اور اسپیشل لائبریری ایسوسی ایشن کے ساتھ مقامی تنظیم گوئٹیانسٹیٹیوٹ اور پاکستان لائبریری ایسوسی ایشن(سندھ برانچ) کے اشتراک سے منعقد ہو رہی ہے۔ اس کانفرنس میں 400 سے زائد لائبریرینز شریک ہیں۔ بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ بڑی تعداد میں مقامی لائبریرینز کانفرنس میں اپنے مقالے پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس اپنی طرح کی منفرد ہے کیونکہ اس سے پہلے پاکستان میں اس طرح کی کانفرنس منعقدنہیں ہوئی۔ پاکستان کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے مندوبین نے کہاکہ کراچی یونیورسٹی آکر بہت خوشی ہوئی کیونکہ کراچی یونیورسٹی کا شمار پاکستان کے ا ن اداروں میں ہوتا ہے جہاں پر نامور شخصیات نے تعلیم حاصل کی۔ پاکستان لائبریری کلب کے ڈائریکٹر ارشد محمود عباسی نے کہاکہ پاکستان لائبریری کلب گزشتہ ایک دھائی سے ملک میں کتاب کے فروغ، لائبریرینز کی عملی تربیت اور معاشرے میں مطالعہ کے فروغ کے لیے اپنا کردار نبھا رہی ہے ۔