عام انتخابات ،ْکامیاب ہونے والے امیدواروں کیلئے الیکشن کمیشن میں اخراجات کے گوشوارے جمع کروانے کی مدت ختم

اخراجات کی تفصیلات جمع نہ کروانے والے امیدواروں کی کامیابی کا سرکاری اعلامیہ جاری نہیں کیا جائیگا ،ْالیکشن کمیشن

ہفتہ 4 اگست 2018 13:59

عام انتخابات ،ْکامیاب ہونے والے امیدواروں کیلئے الیکشن کمیشن میں اخراجات ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2018ء) عام انتخابات 2018 میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے لیے الیکشن کمیشن میں اخراجات کے گوشوارے جمع کروانے کی مدت چار اگست ہفتہ کو ختم ہوگئی ۔تفصیلات کے مطابق کامیاب امیدوار اخراجات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کروانے کے پابند ہیں اور انتخابات سے پہلے امیدواروں کو اخراجات کیلئے الگ بینک اکاؤنٹ کھلوانے کی ہدایت کی گئی تھی ،ْالیکشن کمیشن کے مطابق اخراجات کی تفصیلات جمع نہ کروانے والے امیدواروں کی کامیابی کا سرکاری اعلامیہ جاری نہیں کیا جائیگا ،ْدوسری جانب کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن کے بعد آزاد امیدواروں کو 3 دن کے اندر کسی بھی سیاسی جماعت کا حصہ بننا ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 7 اگست کو تمام سیاسی جماعتوں کے ممبران کی کل تعداد واضح ہوجائے گی اور 8 اگست کو مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق 9 اگست تک تمام کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری ہوجائیں گے جس کے بعد اسمبلیوں کے اجلاس بلائے جائیں گے اور قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں اراکین حلف اٹھانے کے بعد اسپیکر اور پھر قائد ایوان (وزیراعظم) کا چناؤ کریں گے۔یاد رہے کہ غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک انصاف 116، مسلم لیگ (ن) 64، پیپلز پارٹی 43 اور ایم ایم اے 12 نشستوں کے ساتھ نمایاں ہیں جب کہ 13 آزاد امیدوار بھی ہیں جو حکومت سازی میں اہم کردار ادا کریں گے۔