پاکستان رگبی سیونز ٹیم نے ایشین رگبی سیونز سنگاپور کے پہلے دن برونائی اور بنگلہ دیش کو ہرادیا، سنگاپور کی ٹیم سے قومی ٹیم کو شکست کا سا منا کر نا پڑا

ہفتہ 4 اگست 2018 21:30

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2018ء) پاکستان رگبی سیونز ٹیم نے ایشین رگبی سیونز سنگاپور کے پہلے دن برونائی اور بنگلہ دیش کو ہرادیا جبکہ سنگاپور جیسی بڑی ٹیم کے ہاتھوں قومی ٹیم کو شکست، قومی ٹیم آج بروز اتوار پہلا پلیٹ سیمی فائنل کھیلے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سیونز رگبی ٹیم سنگاپور میں ایشین رگبی سیونز ٹورنامنٹ میں شریک ہے جس میں ایشیا کی تیرہ ٹیمیں شامل ہیں۔

پاکستانی ٹیم کے مینجر سید معظم علی شاہ کے مطابق قومی ٹیم نے پہلے میچ میں برونائی کو 19-5 سے ہرایا۔ پاکستان کی طرف سے ناصر محمود نے دو، خالد بھٹی نے ایک ٹرائی سکور کی جبکہ احمد وسیم، ناصر محمودنے ایک ایک کنوریژن کی۔ دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کو 19-12 سے ہرایا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی طرف سے کھلاڑیوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تیسرے اور آخری لیگ میچ میں مضبوط سنگاپور کی ٹیم نے نوجوان پاکستانی ٹیم کو26-7 سے ہرا دیا۔

اس طرح پاکستانی ٹیم اب پلیٹ سیمی فائنل کھیلے گی جس میں ان کا مقابلہ اردن سے ہوگا اور اگر پاکستانی ٹیم یہ میچ جیت گئی تو انہیں پلیٹ فائنل میں انڈونیشیا یا ازبکستان میں سے کسی ایک ملک سے مقابلہ کرنا ہوگا۔سنگاپور سے کوچ شکیل احمد ملک کے مطابق کھلاڑیوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ سنگاپور کی ٹیم رینکنگ میں ٹاپ ٹیموں میں شامل ہے پھر بھی کھلاڑیوں نے جاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے علاوہ تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات، سنگاپور، ایران ، اردن، بنگلہ دیش، نیپال، قازقستان، برونائی، انڈونیشیا، لائوس اور ازبکستان کی ٹیمیں شامل ہیں جنہیں تین پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کو پول سی میں سنگاپور، بنگلہ دیش، برونائی اور لائوس کے ساتھ رکھا گیا ہے پاکستانی بارہ کھلاڑیوں میں احمد وسیم اکرم، محمد شعیب اکبر، کپتان کاشف خواجہ، میاں حمزہ ہمایوں الدین، خالد حسین بھٹی، محمد افضل، دائود گل، محمد ناصر، محمد وقاص، الطاف مصدق، محمد ہارون اور فیصل اسلم شامل ہیں، ٹیم کے ہیڈ کوچ شکیل احمد ملک، مینجر سید معظم علی شاہ اور فزیو ڈاکٹر محسن ہیں۔