کراچی،کے ایم سی جشن آزادی اسپورٹس اینڈکلچر فیسٹول کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا

منگل 7 اگست 2018 14:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2018ء) میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پرمیٹرو پولیٹن کمشنر ، بلدیہ عظمٰی کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن کی زیر نگرانی محکمہء کھیل و ثقافت، بلدیہ عظمٰی کراچی کی جانب سے گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی جشن آزادی کی تقریبات شایان شان طور پرمنانے کے لئے مختلف کھیلوں کے دلچسپ مقابلے منعقد کئے جارہے ہیں۔

جس میں 14کھیلوں کے مقابلوں میں 500سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔جشن آزادی کی تقریبات کو مزید چار چاند لگانے کے لئے پاکستان کے موضوع پر فوٹو گرافک نمائش کا اورجشن آزادی فلوٹ چلانے کا بھی اہتما م کیا گیا ہے ۔بلدیہ عظمٰی کراچی کی جانب سے جشن آزادی کی سرگرمیوں کا آغاز مورخہ 9 سے ہوگا جوکہ 14اگست تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

مذکورہ پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے ایک آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں خورشید احمد شاہ سینیئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس ، چیئرمین اسپورٹس اینڈ کلچرکمیٹی، اعجاز احمدخان ،ناہید عابدہ ڈائریکٹرویمن اسپورٹس کمپلکس، جمیل احمد، ڈپٹی ڈائریکٹراسپورٹس ندیم خان ڈپٹی ڈائریکٹراسپورٹس،عاطف علی ،ڈپٹی ڈائریکٹر کلچر، سید شائق علی ،متین احمد، نوید احمد، فیصل ظفر، اجلال حیدر، نازیہ ظہیر، احمد جان شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کھیلوں کے مقابلے جن میں9اگست کو سوئمنگ ، آرم ریسلنگ (بوائز)، سیپک ٹاکرا (بوائز)، باکسنگ اور جوڈو کے مقابلے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس ، کشمیر روڈ پر جبکہ 10اگست کو آرام باغ کورٹ پرنائٹ باسکٹ بال ٹورنامنٹ منعقد کیا جائے گا۔ویمن اسپورٹس کمپلیکس ، گلشن اقبال میں رولر اسکیٹنگ ، سیپک ٹاکرا(گرلز)، فٹسال (گرلز)اور آرم ریسلنگ (گرلز) کے مقابلوں کا انعقاد کیا جاے گا ۔

علاوہ ازیں11اگست کو میئر کراچی الیون اور میٹرو پولیٹن کمشنر کے ایم سی الیون کے مابین ایک نمائشی نائٹ کرکٹ میچ ٹی ایم سی کرکٹ گرائونڈ ایف بی ایریا میں کھیلا جائے گا ۔جب کہ 50کلومیٹر کی سائیکل ریس 12اگست کی صبح8بجے ریلوے اسٹیڈیم ، آئی آئی چندریگر روڈ سے شروع ہوکر وہیں اختتام پذیر ہوگی ۔ جس میں شہر کے نامور40سائیکلسٹ حصہ لیں گے اس کے فوری بعد10بجے صبح گدھا گاڑی ریس مزار قائدسے شروع ہوکر کے ایم سی ہیڈ آفس پر اختتام پذیر ہوگی جس میں 40شرکاء حصہ لیں گے ۔

12اگست ہی کو صادقین آرٹ گیلری ، فرئیر ھال باغ جناح میںپاکستان کے عنوان سے تین روزہ فوٹوگرافک نمائش منعقد ہوگی ۔اسی طرح 13اگست کی شام جشن آزادی کی تقریبات کو ملی جوش وجذبے سے منانے کے لئے ایک رنگا رنگ کے ایم سی آزادی فلوٹ شہر کے مختلف علاقوں میں چلایا جائے گا ۔جس میں ملی نعموں کے ساتھ ساتھ ثقافتی رنگ نمایاں ہوں گے۔ یہ فلوٹ شہر کے مختلف حصوں میں گشت کرے گا ۔ جشن آزادی تقریبات کے سلسلے میں مذکورہ فیسٹول کا آخری پروگرام 14اگست کو کے ایم سی فٹبال اسٹیڈیم نشتر روڈ پر منعقد ہوگا جہاں کے ایم سی فٹبال ٹیم کانمائشی مقابلہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیم سے ہوگا۔اس کے علاوہ جشن آزادی کی مناسبت سے مختلف ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔