اسلام آباد ہائیکورٹ کا ویب سائیٹ پر توہین رسالت کے معاملے پر عمل در آمد کیس میں ڈی جی ایف آئی اے کو معاملے کی نگرانی کرنے کا حکم

منگل 7 اگست 2018 21:21

اسلام آباد ہائیکورٹ کا ویب سائیٹ پر توہین رسالت کے معاملے پر عمل در ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2018ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ویب سائیٹ پر توہین رسالت کے معاملے پر عمل در آمد کیس میں ڈی جی ایف آئی اے کو معاملے کی نگرانی کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 4ستمبر تک ملتوی کر دی۔ منگل کو جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بینچ نے سماعت کی۔ اس موقع پر وزات داخلہ کے سپیشل سیکرٹری، وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی، ایف آئی اے کے ڈائریکٹر لاء اور درخواست گزار کی جانب سے کرنل (ر) انعام رحیم ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے حکم دیا کہ 2 مئی کو فیصلہ سنا دیا گیا ہے، ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوا۔ سماعت کے دوران ایف آئی اے نے کارکردگی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ فاضل جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ ایف آئی اے کو اس کیس میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

فاضل جسٹس نے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر لاء سے استفسار کیا کہ ایف آئی اے کے پاس شکایت کب آئی۔ ڈائریکٹر لاء نے جواب دیا کہ تین چار دن ہوئے ہیں۔

فاضل جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ اندازہ کریں ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کو تاریخ ہی معلوم نہیں ہے، توہین رسالت کی شکایت 2015 میں ایف آئی اے کو موصول ہوئی، ایف آئی اے کا کردار اس کیس میں روایتی ہے، جب سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ جعلی اکاوئٹس کا سراغ لگائیں تو نوکری بچانے کے لئے کیسے فوری طور پر ٹریس کر دیئے۔ عدالت نے حکم دیا کہ ڈی جی ایف آئی اے ذاتی طور پر اس کیس کو دیکھں اور توہین رسالت کے مرتکب ہر حال میں قانون کی گرفت میں آنے چاہئیں۔ عدالت نے ہدایت کی کہ درخواست گزار سلمان شاہدآئندہ سماعت پر ذاتی طور پر پیش ہوں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کر دی۔