زبانوں کی ترقی کیلئے علوم کا مختلف زبانوں میںترجمہ ضروری ہے، وائس چانسلر

منگل 7 اگست 2018 22:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2018ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے کہا ہے کہ زبانوں کی ترقی کیلئے علوم کا مختلف زبانوں میںترجمہ ضروری ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئجز کے زیر اہتمام لائبریری میں منعقدہ تین روزہ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ لائبریرینز کے لئے منعقدہ ورکشاپ میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد سرویا، ڈین فیکلٹی آف اورینٹل لرننگ پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر ، پرنسپل اورینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر فخر الحق نوری ، انچارج انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئجز اشوک کمار کھتری ،چیف لائبریرین ڈاکٹر محمد ہارون عثمانی، فیکلٹی ممبران اور لائبریرینز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمدنے کہا کہ ورکشاپ کے انعقاد سے لائبریرینز کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ ہوگا اور پنجاب یونیورسٹی دیگر علوم کا ترجمہ اپنی زبانوں میں کروانے کے اقدام کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے شرکاء پر سندھی، پشتو، گریک، سپینش، جرمن ، چائنیز و دیگر زبانوں کے سکرپٹ کو سمجھنے کیلئے ورکشاپ سے بھرپور استفادہ کرنے پر زور دیا۔

ڈاکٹر شاہد سرویا نے کہا کہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن جدید علوم کے اپنی زبانوں میں تراجم کرانے کے منصوبہ جات کیلئے مالی معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ورکشاپس لائبریرینز کو جدید علوم سے واقفیت دلوانے کے ساتھ ان کی پیشہ ورانہ مہارتوںمیں بھی اضافہ کا باعث بنتی ہیں۔ ڈاکٹر فخر الحق نوری نے پنجاب یونیورسٹی میں انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئجز کے قیام کیلئے ڈاکٹر مظہر معین کی کاوشوں کوسراہا۔ انہوں نے کہا کہ ورکشاپ سے لائبریرینز کو مختلف زبانوں کے سکرپٹ سمجھنے میں مدد ملے گی۔