(ن) لیگ کے رہنما مہر اشتیاق کی حلقہ این اے 126میں دوبارہ گنتی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

جمعرات 9 اگست 2018 14:18

(ن) لیگ کے رہنما مہر اشتیاق کی حلقہ این اے 126میں دوبارہ گنتی کی درخواست ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما مہر اشتیاق کی حلقہ این اے 126میں دوبارہ گنتی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون الرشید شیخ (ن) لیگ کے امیدوار مہر اشتیاق کی درخواست پر سماعت کی۔گزشتہ سماعت پر عدالت نے الیکشن کمیشن، ریٹرنگ افسر اور حلقہ سے کامیاب ہونے والے تحریک انصاف کے امیدوار حماد اظہر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا ۔

(جاری ہے)

حماد اظہر کی جانب سے ایڈووکیٹ اظہر صدیق عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ الیکشن نتائج مرتب ہو چکے ہیں ہائیکورٹ کو درخواست پر سماعت کا اختیار نہیں جبکہ درخواست گزار مہر اشتیاق کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ حلقے سے پی ٹی آئی کے حماد اظہر کو 3124ووٹوں سے کامیاب قرار دیا گیا ، ریٹرننگ افسر کو دوبارہ گنتی کی درخواست دی جسے مسترد کردیا گیا لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا جائے۔ فاضل عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد دوبارہ گنتی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔