کوہاٹ،مختلف کھیلوں کے انڈر 19 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 2018 کا باقاعدہ آغازفٹ بال کے مقابلوں سے کردیا گیا

ضلع بھر سے 8 فٹ بال ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں

جمعرات 9 اگست 2018 23:06

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اگست2018ء) ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا کی ہدایات پر کوہاٹ میںمختلف کھیلوں کے انڈر 19 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 2018 کا باقاعدہ آغازفٹ بال کے مقابلوں سے کردیا گیاہے جس میں ضلع بھر سے 8 فٹ بال ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا مقصد صوبہ بھر سے باصلاحیت مرد اور خواتین کھلاڑیوں کو قومی اور بین اقوامی سطح پر متعارف کرانا ہے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کوہاٹ سید سکندر شاہ کا کہنا تھاکہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں حصہ لینے والی8 فٹ بال ٹیموں میں سے 14 بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا جنہیں مزید ٹرائلز کے لئے پشاور بھیجا جائے گا۔ٹرائلز کے بہترین کھلاڑیوں کوصوبائی سطح کے کیمپ کے لئے منتخب کیا جائے گا جبکہ کیمپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی انڈر 19 جونیئر چیمپیئن شپ میں حصہ لیں گے جوکہ ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد کرے گا ۔یاد رہے کہ یہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام تمام کھیلوں کے لئے ہے جس میں کرکٹ،ہاکی ،سکوائش اور بیڈمنٹن وغیرہ شامل ہیں جبکہ اس میں خواتین کھلاڑی بھی حصہ لے رہی ہیں۔