دنیا کا سب سے مہنگا بیف نوڈل سوپ، جس کے 4 اجزا آسمان، 4 اجزا زمین اور 4 اجزا سمندر سے حاصل کیے جاتے ہیں

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 10 اگست 2018 23:49

دنیا کا سب سے مہنگا بیف نوڈل سوپ، جس کے 4 اجزا آسمان، 4 اجزا زمین اور ..
شمالی چین کے صوبہ ہیبئی کے دارالحکومت شیجیاژوانگ  کے  ایک ریسٹورنٹ میں دنیا کا سب سے مہنگا بیف نوڈل سوپ فروخت کیا جا رہا ہے۔ اس سوپ کے ایک پیالے کی قیمت پوری گائے کی قیمت سے زیادہ  13800 یوان یا 2014 ڈالر ہے۔
ہاؤزونگہاؤ بیف نوڈل سوپ کونیو جنگٹیان ریسٹورنٹ میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ چینی سوشل میڈیا پر اس سوپ کے کافی چرچے ہوگئے ہیں۔ اس سے پہلے تائیوان میں نیو با با ریسٹورنٹ میں فروخت کیا جانے والا بیف نوڈل سوپ کی دنیا کا مہنگا ترین بیف نوڈل سوپ سمجھا جاتا تھا، جس کی قیمت 329 ڈالر تھی۔


مقامی میڈیا نے جب ریسٹورنٹ میں جا کر پوچھا کہ یہ سوپ اتنا زیادہ مہنگا کیوں ہے تو یان نامی منیجر نے اس بارے میں زیادہ معلومات فراہم نہیں کیں۔ منیجر نے بتایا کہ اس سوپ میں 12 بہت مہنگے اجزا استعمال کیے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں سے 4 اجزا ”آسمان“ سے، 4 اجزا ”زمین“ سے اور 4 اجزا ”سمندر“ سے حاصل کیے جاتے ہیں۔ یان نے ان اجزا کی تفصیل بتانے سے انکار کر دیا۔

یان کا کہنا ہے کہ اس سوپ کو 12 باورچی بناتے ہیں اور اس سوپ کا آرڈر ایک مہینے پہلے دیا جاتا ہے تاکہ تمام اجزا سے سوپ بنانے کا عمل شروع کیا جائے۔ یان کا کہنا ہے کہ اس سوپ کو 6 ماہ پہلے مینو میں شامل کیا گیا ہے اور اب تک شہر کے امیرترین کاروباری افراد کو اس کے 4 پیالے ہی فروخت کیے گئے ہیں۔
یان نے گاہکوں کو دھوکہ دینے کے الزامات کے جواب میں کہا کہ اس سوپ کے اجزا کی لاگت اتنی زیادہ اور پکانے کا عمل اتنا مشکل ہے کہ انہیں سوپ فروخت کرنے سے کچھ زیادہ فائدہ نہیں ہوتا۔


سوشل میڈیا پر جب اس ریسٹورنٹ کے مینو کی تصویر سامنے آئی تو صآرفین نے اسے مذاق اور ٹائپنگ کی ایک غلطی سمجھے لیکن سن چیو ڈیلی اور دیگر مقامی میڈیا نے ریسٹورنٹ کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ یہ قیمت حقیقی ہیں۔
چینی سوشل میڈیا پر جہاں کچھ لوگ سوپ کے گائے سے مہنگا ہونے پر مذاق اڑا رہے ہیں تو کچھ لوگ اسے ریسٹورنٹ کی تشہیر کا ذریعہ قرار دے رہے ہیں۔ کچھ لوگوں نے سرکاری طور پر اس سوپ کے مہنگا ہونے کی شکایت کی ہے لیکن حکام کا کہنا ہے کہ سوپ کی قیمت گاہکوں کو واضح طور پر بتائی جا رہی ہے، اس میں کچھ بھی غیر قانونی نہیں ہے، اس لیے سرکاری حکام اس میں مداخلت نہیں کر سکتے۔
دنیا کا سب سے مہنگا بیف نوڈل سوپ، جس کے 4 اجزا آسمان، 4 اجزا زمین اور ..

متعلقہ عنوان :