پاکستان تحریک انصاف کے نامزد کردہ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ ہم پورے پاکستان میں تبدیلی چاہتے ہیں، ملک بھر میں قانون کی حکمرانی ہوگی، سب کو ساتھ لے کر چلیں گے‘ گورنر ہاؤس میں رہائش نہیں رکھوں گا‘ اپنی گھر میں ہی رہوں گا

پاکستان تحریک انصاف کے نامزد کردہ گورنر پنجاب چوہدری سرور کی مختلف ٹی وی چینلز سے گفتگو

ہفتہ 11 اگست 2018 00:00

پاکستان تحریک انصاف کے نامزد کردہ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے نامزد کردہ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ ہم پورے پاکستان میں تبدیلی چاہتے ہیں، ملک بھر میں قانون کی حکمرانی ہوگی، سب کو ساتھ لے کر چلیں گے‘ گورنر ہاؤس میں رہائش نہیں رکھوں گا‘ اپنی گھر میں ہی رہوں گا۔ جمعہ کو مختلف ٹی وی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں پنجاب میں بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا، مسلم لیگ (ن) کی 11 سال سے وہاں حکومت تھی اور ہمارے لئے سب سے بڑا معرکہ پنجاب تھا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ایشوز سے پوری طرح آگاہ ہوں، پہلے گورنر رہ چکا ہوں اس لئے ان ایشوز کو حل کرنے میں بھرپور کردار ادا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کا حق ہے کہ وہ فیصلے کرے لیکن اگر وہ مشاورت کرے گا تو اس سے پارٹی کو تقویت پہنچے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیم ورک کے طور پر کامیابی حاصل ہونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف دو نہیں ایک پاکستان پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پورے پاکستان میں تبدیلی چاہتے ہیں، ملک بھر میں قانون کی حکمرانی ہوگی، تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کا فیصلہ بھی میرٹ پر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ چوہدری سرور نے کہا کہ ایک بار پھر گورنر پنجاب بننا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، لوگ میری نامزدگی پر خوشی منا رہے ہیں اور مجھے پیغامات بھیج رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں گورنر ہاؤس میں رہائش نہیں رکھوں بلکہ میں اپنے گھر میں ہی رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اسد قیصر پانچ سال خیبرپختونخوا اسمبلی کے سپیکر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف اپوزیشن سے مل کر کام کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری سرور نے کہا کہ تحریک انصاف وفاق کی جماعت بن گئی ہے‘ ہم انتقام کی سیاست کا خاتمہ کریں گے‘ ہمارا اصل مسئلہ اس ملک سے غربت کا خاتمہ کرنا ہے۔