ْکے ایم سی جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل قائد اعظم الیون کے نام

میئر کراچی وسیم اختر کی دلی خواہش ہے کہ آرام باغ باسکٹ بال کورٹ کو ملک کا خوبصورت کورٹ بنا یا جائے ۔میٹرو پولیٹن کمشنر ڈاکٹڑ سید سیف الرحمن کے ایم سی بہت جلد انٹر ڈسٹرکٹ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کرے گی ۔آرام باغ باسکٹ بال کورٹ پر تقسیم انعامات کی تقریب سے میٹرو پولیٹن کمشنر کا خطاب

ہفتہ 11 اگست 2018 15:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2018ء) کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کے ایم سی جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل قائد اعظم الیون نے علامہ اقبال الیون کو سخت اور کانٹے دار مقابلے کے بعد 49-46پوائنٹس سے شکست دیکر اپنے نام کرلیا ۔ٹورنامنٹ میں بانیان پاکستان کے نام سے منسوب 4ٹیموں نے حصہ لیا ،فاتح ٹیم کی جانب سے فرحان خان 15،طاہر نقاش 11اور واسطی نے 11جبکہ رنر اپ ٹیم کی جانب سے اسدامام 12،فضیل احمد گولڈ مڈلسٹ 12اور راج کمار نے 8پوائنٹس اسکور کرکے نمایاں کھلاڑی رہے کھیلے گئے فائنل میچ میں ریفریز کے فرائض طارق حسین ،عامر شریف اور ظفر اقبال نے انجام دیئے جبکہ ذعیمہ خاتون ،ذاہد ملک اور محمد نعیم نے ٹیکنیکل آفیشل کے فرائض انجام دیئے جبکہ دانیال خان اور محمد حسن نے اسکورر تھے ۔

(جاری ہے)

فائنل کے اختتام پر منعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی میٹرو پولیٹن کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے فاتح قائد اعظم الیون اور رنر اپ علامہ اقبا ل الیون کے کپتانوں کو ٹرافی پیش کی اس موقع پر آرام باغ کورٹ پر موجود کھلاڑیوں اور شائقین باسکٹ بال سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہاکہ میئر کراچی وسیم اختر کی دلی خواہش ہے کہ پاکستان کے قدیمباسکٹ بال کورٹ آرام باغ کورٹ کو ملک کا خوبصورت باسکٹ بال کورٹ بنایا جائے میں آج جشن آزادی کے موقع پر میئر کراچی اور اپنی جانب سے کھلاڑیوں کو یہ خوشخبری دیتا ہوں کہ بہت جلد کے ایم سی آرام باغ باسکٹ بال کو جدید بنا نے کے لئے تعمیر و ترقی اور تزئین و آرائش کا آغاز کردے گی انہوںنے کہاکہ کے ایم سی کراچی کے نوجوانوں کو مستقل بنیادوں پر صحت مند تفریح فراہم کرے گی اور کے ایم سی کا شعبہ اسپورٹس بہتر انداز میں شہر میں کھیلوں کے میدانوں کو آباد اور کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے گا ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا کہ کراچی دنیا کی تیسری بڑی میٹرول پولیٹن کارپوریشن ہے اور یہ اپنا فرض اس شہر کی ترقی کے لئے پورا کرے گی ڈاکٹر سیف الرحمن نے اعلان کیا کہ آرام باغ باسکٹ بال کورٹ پر رواں سال ستمبر میں انٹر ڈسٹرکٹ باسکٹ بال چمپئن شپ کا انعقاد کرے گی اس موقع پر میٹرو پولیٹن کمشنر کراچی نے کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان کو کھیلوں میں خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا قبل ازیں KBBAکے صدر غلام محمد خان نے خطبہ استقبالیہ کے کلمات ادا کئے اور کے ایم سی کے شعبہ اسپورٹس و ثقافت کو ایک جشن آزادی پر عظیم الشان اسپورٹس فیسٹیول کے انعقاد پر اظہار تشکر کیا اس موقع پر خالد جمیل شمسی ،عبدالناصر ،خورشید احمد شاہ ،محمد ارشد ،جمیل احمد ،علی حسن ساجد ،سید شاہد علی ،محمد ندیم نے بھی خطاب تقریب میں کے ایم سی کی جانب سے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات اور شرٹس تقسیم کئے گئے ۔