قائد اعظم نے ہمیشہ اقلیتوں کے مفادات کو تحفظ دیا،بشپ آف ساہیوال

ہفتہ 11 اگست 2018 21:34

چیچہ وطنی۔11 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2018ء) بشپ آف ساہیوال ابراہام عظیم ڈینیل نے کہا ہے کہ قائد اعظم نے ہمیشہ اقلیتوں کے مفادات کو تحفظ دیا تا کہ پاکستان کے تمام افراد نسلی، لسانی اور مذہبی تفریق کے باوجودمساوی زندگی گزار سکیں۔ وہ یہاں ساہیوال آرٹس کونسل کے زیراہتمام اقلیتوں کے قومی دن کی مناسبت سے ’’مسیحی بچوں کا پاکستان ---‘‘ کے عنوان سے تقریری اور ملی نغموں کے مقابلے سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ڈائر یکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی اور مختلف چرچز کے بشپ ، پادری آصف شہزاد ،پادری پیٹر عمران اورپادری اعظم جون بھی موجود تھے۔ تقریب میںمختلف سکولوں کے مسیحی بچوں نے پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کے کر دار پر تفصیلی روشنی ڈالی اورکہاکہ اقلیتوں نے کسی تعصب کے بغیر مختلف شعبوں میں شاندار خدمات سرانجام دی ہیں جس میں انہیں اپنے مسلمان بھائیوں کا بھی بھر پور تعاون حاصل رہا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسیحی بچوں نے مختلف ملی نغمے گا کر سماں باندھ دیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ابراھام عظیم ڈینیل نے فکریات قائد اعظم کی روشنی میں پاکستانیت اور مسیحی برادری کے رشتے کو نمایاں کیا ۔انہوں نے ساہیوال ڈویژن کو مسیحی برادری کے لیے ایک پر امن اور خوشگوار خطہ قرار دیا اور کہا کہ ساہیوال آرٹس کونسل نے معاشرے میں ہم آہنگی پیدا کرکے عظیم روایت کو مزید مضبوط کیا۔ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے اس موقع پر کہا کہ ساہیوال آرٹس کونسل نے ہمیشہ مسیحی برادری کو اپنی تقریبات کا حصہ بنایااور مستقبل میں بھی انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھر پور موقع دیا جائے گا۔پروگرام کے آخر میں مختلف گرجا گھروں کے پادری حضرات نے پاکستان کی سلامتی اور عظمت کے لیے دعا کی۔