سعودی‘کینیڈا تنازعہ‘جسٹن ٹروڈو خود ریاض جا کر شاہ سلمان سے ملاقات کریں‘سابق کینیڈین وزیر خارجہ

یہ سب ٹویٹس کا کیا دھرا ہے‘حکومتی پالیسی سے کشیدگی اس سطح تک پہنچ گئی‘دونوں ممالک مفادات اور داعش کیخلاف جنگ میں اتحادی ہیں‘انٹرویو

اتوار 12 اگست 2018 18:50

اوٹاوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2018ء) کینیڈا کے سابق وزیر خارجہ جان بائرڈ نے سعودی عرب کیساتھ بگڑتے ہوئے تعلقات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا ہمیشہ سے سعودی مملکت کا اتحادی اور دوست رہا ہے‘یہ سب ٹویٹس کا کیا دھرا ہے‘حکومت کی اختیار کردہ پالیسی سے کشیدگی اس سطح تک پہنچ گئی۔اتوار کو ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کینیڈین وزیر خارجہ جان بائرڈ کا کہنا تھا کہ کینیڈا کی موجودہ حکومت کی اختیار کردہ پالیسی کے نتیجے میں کشیدگی اس سطح تک پہنچ گئی ہے اور یہ سب ٹویٹس کا کیا دھرا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مفادات ایک جیسے ہیں،ان کا اخوان المسلمون اور داعش کے بارے میں یکساں موقف نمایاں ہیں اور دونوں ملک داعش کیخلاف جنگ میں اتحادی ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ کینیڈا کو اپنے ایک اتحادی اور دوست ملک کیخلاف موقف اختیار نہیں کرنا چاہیے۔نقطہ نظر میں اختلاف پر قیادت یا وزرائے خارجہ کی سطح پر بالمشافہ بات چیت ہونی چاہیے اور ان پر ٹویٹس کا تبادلہ نہیں ہونا چاہیے۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ سفارتی کشیدگی کے خاتمے کیلئے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو بہ ذات خود ریاض جانا چاہیے ا ور سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے براہ راست بات چیت کرنی چاہیے۔