قومی وطن پارٹی کی صوبائی مجلس عاملہ کا اجلاس

دونکاتی ایجنڈا تنظیمی امور اور انتخابات کے بعد کی صورتحال پر بحث، پارٹی قیادت کوضلعی تنظیموں میں رد و بدل کا مکمل اختیار دیدیا گیا مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تمام اضلاع میں مضبوط و موثر تنظیم وقت کی ضرورت اور اس میں پارٹی قیادت کے تمام فیصلوں کو سر آنکھوں پر قبول کیا جائے گا،شرکاء

اتوار 12 اگست 2018 20:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2018ء) قومی وطن پارٹی کی صوبائی مجلس عاملہ کا اجلاس پشاور میں زیرصدارت صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو منعقد ہوا جس میں پارٹی کے صوبائی کابینہ کے ممبران اور تمام اضلاع کے چیئرمین و جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں دونکاتی ایجنڈا تنظیمی امور اور انتخابات کے بعد کی صورتحال پر سیر حاصل بحث ہوئی۔

شرکائے اجلاس نے پارٹی قیادت کوضلعی تنظیموں میں رد و بدل کا مکمل اختیار دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تمام اضلاع میں مضبوط و موثر تنظیم وقت کی ضرورت ہے اور اس میں پارٹی قیادت کے تمام فیصلوں کو سر آنکھوں پر قبول کیا جائے گا۔ شرکاء نے کہا کہ قومی وطن پارٹی اب ملکی سطح پر پختونوں کی نمائندہ جماعت کے طور پر جانی جاتی ہے اور وہ اپنی انتھک محنت اور پختونوں کی بے لوث خدمت کی بنا پر اپنا ایک نام رکھتی ہے جوکہ اصل کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پارٹی کی قیادت اور کارکن ہر کھٹن اور مشکل گھڑی کا بھرپور مقابلہ کریں گے اور تمام تر سنگین حالات میں امید کا دامن نہیں چھوڑیں گے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی چاہے اقتدار میں ہوں یا اقتدار سے باہر وہ ہر حال میں پختونوں کے حقوق اور خطہ میں امن کے قیام کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔انھوں نے دھاندلی پر مبنی حالیہ انتخابات کو رد کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ حالانکہ ایک منظم دھاندلی کے تحت پختونوں سے ان کا میندیٹ چھینا گیا اور پختون قیادت کو پارلیمنٹ سے باہر رکھا گیالیکن کوئی بھی پختونوں کے دلوں سے قومی وطن پارٹی کا نام نہیں مٹا سکتا۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئر مین سکند رحیات خان شیر پائو نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی نمائندہ جماعت ہے اور ان کی سیاست کا مقصد اقتدار کاحصول نہیں بلکہ غریب کی عزت اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔انھوں نے پارٹی عہدیداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے ماضی میں پر امن سیاسی جدوجہد کے ذریعے بے پناہ کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اسی نقشہ قدم پر چلتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

انھوں نے کہا کہ پارٹی قیادت ملک میں جاری سیاسی حالات سے اچھی طرح آگاہ ہیں اور وہ پارٹی کارکنان کو ساتھ لے کر اس کا مقابلہ کریں گے۔انھوں نے کہا کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو حالات کا مقابلہ کرنا جانتی ہیں اور پختون قوم متحد ہوکر ان حالات سے خود کو نکالنے اور اپنا سیاسی مینڈیٹ واپس لانے کیلئے جدوجہد کرے گی۔انھوں نے کہا کہ حالات چاہے جیسی بھی ہوں قومی وطن پارٹی پختون قوم کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے بنوں جانی خیل واقعہ کی شدید مزمت کی گئی اورکہا گیا کہ اس طرح کے واقعات سے معاشرے میں انارکی پھیلے گی جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔