ملک کو بانیان پاکستان کے خوابوں کے مطابق سنوارنے کیلئے مختلف طبقات کے درمیان خوشگوار تعلقات، ہم آہنگی ،بھائی چارے کی ضرورت ہے،ممنون حسین

آئندہ نسلوں کو قومی مقاصد اور اس کے حصول کیلئے کی جانیوالی جدوجہد سے آگاہ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، قومی مقاصد بارے مکمل یکسوئی پیدا کرنے ،ہر طبقہ کے ذاتی اور گروہی ترجیحات سے اوپر اٹھ کر باہم متفق نہ ہونے تک عظمت رفتہ کے حصول اور مادر وطن کو ترقی کی معراج تک پہنچانے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ، صدر مملکت کا 71 ویں یوم آزادی کے موقع پر پیغام

پیر 13 اگست 2018 20:02

ملک کو بانیان پاکستان کے خوابوں کے مطابق سنوارنے کیلئے مختلف طبقات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے مادر وطن کو ترقی کی معراج تک پہنچانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے اور درپیش چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے قومی مقاصد کے بارے میں مکمل یکسوئی اور باہمی اتفاق رائے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو بانیان پاکستان کے خوابوں کے مطابق سنواریں اور بالخصوص آئندہ نسلوں کو قومی مقاصد اور اس کے حصول کیلئے کی جانے والی جدوجہد سے آگاہ کیا جائے۔

انہوں نے یہ بات ملک کے 71 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمارے جوش و جذبے کو تازہ دم کرکے ان میں نئی توانائی بھر دیتا ہے اور ہم ایک نئے عزم سے وطن عزیز کو ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس دن خدمت وطن کی امنگیں توانا ہو جاتی ہیں اور اپنے وطن کے سبز ہلالی پرچم کو مزید بلند کرنے کی لگن پہلے سے بڑھ جاتی ہے کیونکہ یہ امیدوں کے بر آنے کا دن ہے، اس اعتبار سے یہ حقیقی جشن کا دن ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی پناہ گاہ اور اللہ کی ایک نعمت ہے جس کے قیام کیلئے ہمارے بزرگوں نے منفرد تحریک چلائی اور بے مثال قربانیاں دے کر یہ ملک حاصل کیا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس ملک کو بانیان پاکستان کے خوابوں کے مطابق سنواریں۔ اس مقصد کے لئے قوم کے مختلف طبقات کے درمیان خوشگوار تعلقات، ہم آہنگی اور بھائی چارے کی ضرورت ہے۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ آج کے پاکستان پر نظر ڈالیں تو اس بات سے اطمینان ہوتا ہے کہ نئی نسل وطن عزیز کے ساتھ محبت، اس کی تعمیر و ترقی کی مخلصانہ خواہش اور اس کو آگے لے جانے کیلئے جوش عمل سے مالا مال ہے، مگر اس کے باوجود ضروری ہے کہ ہمارے بچوں کو پاکستان کی ضرورت، اس کے قیام کیلئے دی جان ے والی قربانیوں اور بانیان پاکستان کے جذبے سے آگاہ رکھنے کے لئے مسلسل تدابیر اختیار کی جاتی رہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی ایام اسی لئے منائے جاتے ہیں کہ تاکہ افراد معاشرہ اور خاص طور پر آنے والی نسلوں کو قومی مقاصد اور ان کے حصول کے لئے کی جانے والی جدوجہد سے آگاہ کیا جا سکے۔ صدر نے کہا کہ عظمت رفتہ کے حصول اور مادر وطن کو ترقی کی معراج تک پہنچانے کا خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا جب تک قومی مقاصد کے بارے میں مکمل یکسوئی پیدا نہیں ہو جاتی اور قوم کا ہر طبقہ ذاتی اور گروہی ترجیحات سے اوپر اٹھ کر باہم متفق نہیں ہو جاتا۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان تعلیمی، معاشی، سیاسی اور سماجی حوالوں سے جن پیچیدہ مسائل سے دوچار ہے، ان سے نکلنے کی یہی بہترین تدبیر ہے اور ہم اسی پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے خوابوں کو تعبیر میں ڈھال سکتے ہیں۔