واہگہ بارڈر پر پاکستان زندہ باد اور اللہ اکبر کی صدائوں کے درمیان پرچم اتارنے کی پروقار ،پرجوش روایتی تقریب

پنڈال لوگوں سے کھچا کھچ بھر گیا ، پاک افواج کے مختلف دستوں ،بینڈز کی پرفارمنس پر خوشی سے سرشار ہو کر پرجوش انداز میں نعرے لگاتے رہے واہگہ اٹاری سرحد پر خصوصی تقریب میں صبح پرچم لہرایا گیا ،پاکستان رینجرز کی جانب سے بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز کو مٹھائی کا تحفہ دیا گیا

منگل 14 اگست 2018 20:06

واہگہ بارڈر پر پاکستان زندہ باد اور اللہ اکبر کی صدائوں کے درمیان پرچم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) پاکستان کے 72ویں یوم آزادی کے موقع پر واہگہ بارڈر پر پاکستان زندہ باد اور اللہ اکبر کی صدائوں کے درمیان پرچم اتارنے کی پروقار اور پرجوش روایتی تقریب منعقد ہوئی، رینجرز کی پریڈ اور حاضرین کے فلک شگاف نعرے دلوں کو گرماتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے واہگہ بارڈر پر روزانہ پرچم اتارنے کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوتی ہے، جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوتی ہے تاہم یوم پاکستان کے موقع پر تقریب میں جوش و خروش کا عنصر غالب تھا جہاں قومی پرچموں کی بہار تھی اور پنڈال کو قومی پرچم کی جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا ۔

پرچم اتارنے کی تقریب میں عوام نے ملی جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا، واہگہ بارڈر پاکستان زندہ باد، اللہ اکبر اور جیوے جیوے پاکستان کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رینجرز کے اعلیٰ افسران نے خصوصی شرکت کی جبکہ پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں معمر رانا ، افتخار ٹھاکر اور وارث بیگ نے بھی موجود تھے ۔ واہگہ بارڈر پر پریڈ کا پنڈال عوام سے کھچاکھچ بھرا ہوا تھا جہاں حاضرین کا جذبہ حب الوطنی عروج پرتھا۔

پریڈ دیکھنے والوں میں بچوں اور بڑوں کے علاوہ بڑی تعداد میں خواتین بھی موجود تھیں ۔ہزاروں شہری پاک افواج کے مختلف دستوں اور بینڈز کی پرفارمنس پر خوشی سے سرشار ہو کر نعرے لگاتے اور تالیاں بجاتے رہے۔پنڈال میں سبزہلالی پرچموں کی بہار بھی نظر آرہی تھی، ڈھول کی تھاپ نے حاضرین میں جوش اور ولولہ بھر دیا،فضاء حاضرین کے پاکستان زندہ باد ، جیوے جیوے پاکستان ، پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الا اللہ ،اللہ اکبر کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی جہاں شام کے سائے ڈھلتے ہی قومی پرچم کو احترام اور جذبے کے ساتھ اتارا گیا ۔

قبل ازیں پاکستان کے جشن آزادی کے موقع پر دن کے آغاز پر واہگہ اٹاری سرحد پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں پاکستان رینجرز نے بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز کو مٹھائی کا تحفہ دیا۔یوم آزادی کے موقع پر خصوصی تقریب میں شرکت کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد واہگہ پہنچی جبکہ اس موقع پر سرحد پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بھی لہرایا گیا۔تقریب کے دوران پاکستان رینجرز کی جانب سے بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز کو مٹھائی پیش کی گئی۔15اگست کو بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز کی جانب سے بھی پاکستان رینجرز کو مٹھائی کا تحفہ دیا جاتا ہے۔