سوئیڈن ‘ پراسرار حملے میں نقاب پوشوں نے 80 گاڑیاں نذر آتش کر دیں

حادثے کے باعث 9 ستمبر کو ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے والے سیاستدانوں میں خوف و ہراس پھیل گیا

بدھ 15 اگست 2018 12:28

سٹاک ہوم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) سوئیڈن کے مغربی شہر گٹن برگ میں پراسرار نقاب پوشوں نے 80 سے زائد گاڑیوں کو نذر آتش کردیا، پولیس نے اس حملے کو سوئیڈن میں عام انتخابات سے چند روز قبل سوچی سمجھی سازش قرار دیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گزشتہ روز سوئیڈن کے سب سے بڑے شہر گٹن برگ میں ایک رات میں 20 سے زائد مقامات پر گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا۔

حکام کے مطابق 16 سے 20 سال کی عمروں کے دو مشتبہ افراد کو گٹن برگ سے گرفتار کیا گیا جن سے تفتیش کی جائے گی، پولیس کو یقین ہے کہ اس حملے کی سوشل میڈیا پر منصوبہ بندی کی گئی تھی، گاڑیوں کو آگ لگانے کے واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔پولیس کے ترجمان ہینز لپمین نے بتایا کہ ’ہم نے آج تک اتنی بڑی تعداد میں گاڑیوں کو جلتے نہیں دیکھا۔

(جاری ہے)

اس حادثے کے باعث آئندہ ماہ 9 ستمبر کو سوئیڈن میں ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے والے سیاستدانوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

سوشل ڈیموکریٹک پرائم منسٹر اسٹیفن لوفوین نے سویڈش ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اس واقعہ نے مجھے آگ بگولا کردیا ہے، میرا مجرموں سے سوال ہے کہ آخر تم لوگ کیا کررہے ہو اسٹیفن لوفوین نے کہا کہ تم لوگ اپنی ذات، اپنے والدین اور پڑوسیوں کے لیے تباہی پھیلارہے ہو۔‘ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ ایک ملٹری آپریشن کی طرح بہت منظم تھا ۔کنزرویٹو اپوزیشن پارٹی کے لیڈر ولف کرسٹرسن نے اپنی فیس بک پر پوسٹ میں کہا کہ ’سوئیڈن ایک عرصے سے ایسے واقعات برداشت کررہا ہے اب ان کا اختتام ہونا چاہیے۔